روہنگیا مہاجرین کی کشتی ڈوب گئی، 14 ہلاک

روہنگیا مہاجرین کی کشتی ڈوب گئی، 14 ہلاک

کوالا لمپور: بنگلہ دیش کے کیمپوں سے جنوبی ساحل کے راستے سے ملائیشیا جانے کی کوشش کرنے والے روہینگیا مہاجرین کی کشتی سمندر میں اُلٹ گئی جس کے نتیجے میں 14 افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش میں روہنگیا مہاجرین کیمپوں میں مقیم خاندانوں نے بہتر مستقبل کی تلاش میں ملائیشیا جانے کے لیے جنوبی ساحلوں کا انتخاب کیا تاہم جزیرہ مارٹین کے نزدیک مہاجرین کی کشتی مسافروں کا بوجھ برداشت نہ کرسکی اور اُلٹ گئی۔
ملائیشیا کے کوسٹل سیکیورٹی یونٹوں کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کشتی میں 124 افراد سوار تھے جن میں سے 70 مسافروں کو بچالیا گیا ہے جب کہ 14 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ تاحال 40 سے زائد مسافر لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
میانمار میں 2017 میں فوج اور انتہا پسند بدھ مت کے پیروکاروں نے روہنگیا مسلمان مردوں کا قتل عام کیا اور خواتین کی عصمت دری کی گئی جب کہ ان کی املاک کو نذر آتش کردیا گیا تھا۔ عرصہ حیات تنگ ہوجانے پر 8 لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمان بنگلادیش کے کیمپوں میں پناہ لینےپر مجبور ہوئے تھے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں