مولانا محمدانور ملازہی انتقال کرگئے

مولانا محمدانور ملازہی انتقال کرگئے

سراوان (سنی آن لائن) ایرانی بلوچستان کے ممتاز عالم دین مولانا محمدانور ملازہی ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد سوموار (سترہ جولائی) کی شام کو زاہدان کے ایک مقامی اسپتال میں انتقال کرگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
سنی آن لائن ڈاٹ یو ایس کی رپورٹ کے مطابق، مولانا محمدانور ہفتہ پندرہ جولائی کو خاش سراوان مین روڈ پر کار الٹنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوئے تھے۔ مرحوم زاہدان کے ’خاتم الانبیا‘ اسپتال میں داخل تھے جہاں ان کی روح پرواز کرگئی۔ ان کی عمر 83 برس تھی۔
اس حادثے میں مولانا ملازہی کے داماد مولوی عبدالغفور بھی زخمی ہوچکے ہیں جو ابھی تک زیرعلاج ہیں۔

مولانا محمدانور کی پیدائش ایرانی بلوچستان کے ضلع سراوان کے ’کلہ گان‘ گاوں میں ہوئی ۔ آپ نے زیادہ تر دینی تعلیم پاکستان کے معروف دینی اداروں میں حاصل کی جن میں دارالعلوم ٹنڈوالہیار، قاسم العلوم ملتان اور دارالعلوم کراچی قابل ذکر ہیں۔ ان کے اساتذہ میں مولانا ظفراحمد عثمانی، مولانا جمشیدعلی، مولانا مفتی محمدشفیع عثمانی، مولانا موسی خان بازی، مولانا مفتی رشیداحمد لدھیانوی، مولانا سحبان محمود اور مولانا سلیم اللہ خان رحمہم اللہ جیسے نامور علمائے کرام کے نام آتے ہیں۔
مولانا غلام اللہ خان اور مولانا عبداللہ درخواستی رحمہماللہ سے قرآن فرہمی کے رموز سیکھنے کی سعادت بھی حاصل کی۔ آپ 1382 ہجری میں دارالعلوم کراچی سے فارغ التحصیل ہوئے۔
مولانا محمدانور کئی سالوں سے ایرانی اہل سنت کے پرانے دینی ادارہ ’عین العلوم گشت‘ میں مشکاة المصابیح اور صحیح مسلم پڑھاتے تھے۔
ان کی موت سے ایران و پاکستان میں پھیلے ان کے شاگردوں اور متعلقین کو بڑا صدمہ پہنچا ہے۔ مولانا محمدانور کراچی کے معروف دینی اداروں میں انتہائی قابل قدر تھے یہاں تک کہ 2009ء کو جامعة الرشید کراچی میں مفتی رشید احمد لدھیانوی کے اجل خلفاء و تلامذہ کے تین روزہ اجتماع کی اختتامی نشست ان ہی کی دعا سے اختتام پذیر ہوئی۔
مولانا محمدانور کی نماز جنازہ آج دوپہر کو نماز ظہر کے بعد سراوان میں ادا کی جائے گی۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں