حضرت مولانا محمد مظہر نانوتوی رحمہ اللہ

حضرت مولانا محمد مظہر نانوتوی رحمہ اللہ

حضرت مولانا محمدمظہر نانوتوی رحمہ اللہ بن حافظ لطف علی بن محمدحسن صدیقی حنفی نانوتوی فقہ و حدیث کے اکابر علماء میں سے تھے۔ آپ 1823ء میں نانوتہ ضلع سہارن پور میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم و حفظ قرآن اپنے والد ماجد سے کیا۔ پھر تحصیل علم کے لئے دہلی کا سفر کیا۔ مولانا مملوک علی رحمہ اللہ، شیخ صدر الدین، شیخ رشید الدین رحمہما اللہ اور حدیث کی بعض اہم کتابیں شیخ اجل حضر ت شاہ محمداسحاق دہلوی رحمہ اللہ سے پڑھیں۔ تحصیل علم کے بعد اجمیر کالج میں تدریسی خدمات انجام دیں۔ پھر آگرہ کالج میں استاذ رہے۔
جب 1283ھ میں مولانا سعادت علی سہارنپوری رحمۃ اللہ علیہ نے ایک مدرسہ سہارنپور میں جاری کیا تو آپ ہی سب سے پہلے اس کے صدر مدرس مقرر ہوئے اور آپ ہی کے نام پر اس مدرسہ کا تاریخی نام ’’مظاہر العلوم‘‘ رکھا۔ پھر آخر عمر تک آپ مدرسہ مظاہر العلوم سہارنپوری ہی میں تدریسی خدمات انجام دیتے رہے۔
آپ کے ممتاز تلامذہ میں حضرت مولانا خلیل احمد صاحب سہارن پوری رحمہ اللہ جیسے اکابر علماء شامل ہیں۔ آپ نے 1277ھ میں پہلا حج حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ اور مولانا محمد یعقوب نانوتی رحمہ اللہ کے ہمراہ کیا۔ پھر 1295ھ میں دوسرا حج کیا۔
شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ:
’’حضرت مولانا محمد مظہر صاحب رحمہ اللہ کے، حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ اور حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی رحمہ اللہ سے بڑے گہرے تعلّقات تھے۔ آپ حضرت گنگوہی رحمہ اللہ سے گو عمر میں بڑے تھے لیکن حضرت گنگوہی رحمہ اللہ کے خلفاء اور محبوب خدام میں سے تھے، بلکہ حضرت رحمہ اللہ کے جانثار اور عاشق جانباز تھے۔ فقہ و حدیث میں بڑا ادراک رکھتے تھے۔ نہایت متقی، پرہیزگار، منکسر المزاج اور نیک نفس بزرگ تھے۔‘‘
آپ نے 24؍ذی الحجہ 1302ھ مطابق 1885ء کو رحلت فرمائی۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

(ماخوذ از تاریخ مظاہرالعلوم)
اکابر علمائے دیوبند، ص 38۔39


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں