کراچی میں طیارہ گرکر تباہ، 10افراد ہلاک،امدادی کارروائیاں جاری

کراچی میں طیارہ گرکر تباہ، 10افراد ہلاک،امدادی کارروائیاں جاری
karachi-air-clashکراچی(جنگ نیوز) کراچی میں ڈالمیا کے قریب روسی ساختہ مال بردارطیارہ گرکر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں عملے کے8اہلکاروں سمیت دس افراد ہلاک ہوگئے ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ روسی ساختہ آئی ایل76 مال بردارطیارے نے رات پونے دو بجے کراچی ائیرپورٹ سے پرواز کی لیکن بدقسمت طیارہ چند منٹ بعد ہی ڈالمیا کے قریب نیول ہاؤسنگ سوسائٹی میں گر کر تباہ ہوگیا ۔

جارجیا کی کمپنی سن وے کی طرف سے چارٹرڈ کیا گیا یہ طیارہ متحدہ عرب عمارت کی ریاست فجیرہ سے کراچی پہنچا تھاجس میں31 ٹن کارگو لوڈ تھا ۔ جہاز کو سوڈان کے دارالحکومت خرطوم جانا تھا ۔ حادثے میں عملے کے تمام8 افراد ہلاک ہوگئے جن میں سے سات کی لاشیں مل گئی ہیں عملے کا تعلق روس سے ہے ۔ جائے حادثہ پر ایک زیر تعمیر عمارت میں موجود کچھ مزدور بھی لاپتہ ہیں جن میں سے دو مزدوروں خدا بخش اور اعجاز کی لاشیں آج ملبے سے نکال لی گئیں ۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔ لوگوں کا ہجوم جمع ہونے سے امدادی اہل کاروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارہ گرنے سے قبل ہی آگ کا گولا بن چکا تھا ۔سول ایوی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ پرواز کے فوراً بعد ہی حادثے کا شکار ہوگیا اور پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو طیارے میں کسی خرابی کے بارے میں نہیں بتایا ۔
دوسری جانب جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، آگ بجھائی جاچکی ہے اور اس وقت ملبے سے لاشوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔ انتظامیہ نے پورے علاقے کوقناتیں لگاکر بند کردیا ہے، کسی شخص کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ بھاری مشینری جائے وقوع پر پہنچادی گئی ہے اور ملبے میں کسی بھی شخص کی عدم موجودگی کے اطمینا ن کے بعد مشینری کے ذریعے ملبہ اٹھانے کا کام شروع کردیا جائیگا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کارگو طیارے کا ملبہ آدھے میل تک پھیلا ہوا ہے ۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں