مسجد الحرام میں روح پرور اجتماع‘ 20 لاکھ عازمین حج نے نماز جمعہ ادا کی

مسجد الحرام میں روح پرور اجتماع‘ 20 لاکھ عازمین حج نے نماز جمعہ ادا کی
masjedulharamمکہ مکرمہ (ایجنسیاں) مناسک حج شروع ہونے سے دو روز قبل دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں نے مسجد الحرام میں ہونے والے عظیم الشان اجتماع میں نماز جمعہ ادا کی۔ مسجد الحرام کی جانب جانے والی تمام سڑکیں عازم حج سے بھری پڑی تھیں ان کی صفیں قریباً ایک کلو میٹر کے علاقے میں پھیلی ہوئی تھیں۔

اس روح پرور اجتماع میں 20 لاکھ عازمین حج نے اللہ تعالی سے اپنے گناہوں کی معافی مانگی‘ عالم اسلام کی بہتری اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ مسجد الحرام کے اردگرد کے پلازا اور شاپنگ مال میں بھی عازمین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے نماز کے لئے اپنے اپنے مصلے اٹھائے ہوئے تھے۔ کھانے پینے کی اشیا والے سٹورز نماز کے لئے بند تھے۔
اس سال کے اندازے کے مطابق 25 لاکھ عازمین حج سخت حفاظتی انتظامات میں حج ادا کرینگے۔ اس سال حج کے موقع پر حاجیوں کے لئے مزید سہولتیں بہم پہنچائی گئی ہیں جن میں ریلوے سروس کا آغاز شامل ہے۔
سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ نائف بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ اس سال حج کے موقع پر القاعدہ کی جانب سے حملے کی کوشش خارج ازامکان نہیں اور اگر ایسا ہوا تو دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے پریشانی کی بات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں انشاءاللہ کچھ نہیں ہو گا۔
نامہ نگاروں کے مطابق دنیا بھر کے مختلف ممالک کے 25 لاکھ سے زائد فرزندان اسلام کل حجاز مقدس میں مناسک حج کی ادائیگی کے سلسلے میں مکہ مکرمہ سے منٰی کی خیمہ بستی پہنچنا شروع ہوں گے جہاں وہ پیر کو فریضہ حج ادا کرینگے۔
سعودی ذرائع کے مطابق اس سال دنیا بھر کے مختلف ملکوں کے ساڑھے 17 لاکھ افراد کے علاوہ اڑھائی لاکھ سے زائد مقامی سعودی باشندے اور وہاں مقیم غیر ملکی کارکن حج ادا کرینگے۔ اس سال سب سے زیادہ حاجیوں کا تعلق انڈونیشےا سے ہے جن کی تعداد دو لاکھ ہے۔ پاکستان سے ایک لاکھ 65 ہزار، بھارت سے ایک لاکھ 60 ہزار، بنگلہ دیش سے 91 ہزار، ترکی سے ایک لاکھ، ایران سے ایک لاکھ، نائیجیریا سے 95 ہزار، روس سے 20 ہزار، چین سے 13 ہزار، 46 غیر عرب افریقی ممالک سے ایک لاکھ 80 ہزار اور سری لنکا سے چھ ہزار افراد کے علاوہ یورپ ،امریکہ، کینیڈا اور لاطینی امریکہ سے بھی ہزاروں افراد فریضہ حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔
دریں اثنا حکومت نے پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزر کی طرف سے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے مکہ مکرمہ میں مانیٹرنگ سیل تشکیل دیا ہے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں