لکی مروت:تھانے پر خود کش حملہ، سولہ ہلاک

لکی مروت:تھانے پر خود کش حملہ، سولہ ہلاک
pk-blast0پشاور(بی بی سی) پولیس کا کہنا ہے کہ پشاور کے جنوب میں خیبر پختونخواہ کے علاقے لکی مروت میں ایک خود کش حملے میں سولہ افراد ہلاک اور چھیالیس زخمی ہو گئے ہیں۔

پشاور سے بی بی سی کے نامہ نگار عزیز اللہ خان نے بتایا کہ یہ حملہ سوموار کو علی الصبح اس وقت ہوا جب خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی لکی مروت میں واقع پولیس سٹیشن کی عمارت سے ٹکرانے کی کوشش کی۔
عینی شاہدین کے مطابق خود کش بمبار نے گاڑی کو لکی سٹی تھانے کی عقبی دیوار سے جا ٹکرایا جس کی بعد ایک زبردست دھماکہ ہوا اور تھانے کا ایک بڑا حصہ منہدم ہو گیا۔
منہدم شدہ عمارت کے ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کا کام جاری ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں پولیس اہلکاروں کے علاوہ عام شہری بھی شامل ہیں۔
سول ہسپتال لکی مروت کے ایم ایس ڈاکٹر غلام علی نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ سولہ ہلاک شدگان میں سات پولیس اہلکار اور تین بچے بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پندرہ افراد اس دھماکے میں شدید زخمی ہوئے ہیں جنھیں بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر غلام علی نے بتایا کہ زیادہ ہلاکتیں تھانے کی چھت گرنے کی وجہ سے ہوئی ہیں۔
ایک عینی شاہد غلام اکبر کا کہنا ہے کہ تھانےشہر کے رہائشی علاقے میں واقع تھا۔خودکش دھماکہ اتنا شدید تھا کہ تھانے کے قریب میں واقع ایک نجی ہسپتال، مسجد، سرکاری دفاتر اور مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کا کہنا ہے کہ کسی خودکش حملے کے خدشے کے پیش نظر تھانے کے سامنے ایک خندوق کھودی گئی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ خودکش حملہ عقبی سمیت سے کیا گیا جہاں خندق نہیں تھی اور یہاں تھانے کی بیرک واقع تھی۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مکمل ناکہ بندی کر دی اور سول انتظامیہ اور اعلیٰ حکام جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔
پولیس نے علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے اور چند مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں