اردن کی عقبہ پورٹ پر گراڈ میزائل حملہ، چار افراد زخمی

اردن کی عقبہ پورٹ پر گراڈ میزائل حملہ، چار افراد زخمی
rocket-israelعمان (ایجنسیاں) اردن کے وزیر داخلہ نائف القاضی نے تصدیق کی ہے کہ پیر کی صبح ساحلی شہر العقبہ پر گراڈ طرز کے راکٹ فائر کئے گئے۔ یہ راکٹ شہر کی مرکزی شاہراہ پر گرے جس سے چار شہری زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں ایک کی حالت نازک ہے۔

نائف القاضی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ راکٹ شہر کی مرکزی شاہراہ پر واقع انٹر کونٹینٹل ہوٹل کے قریب گرے، جس سے دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ابھی مزید معلومات جمع کر رہے ہیں۔ پولیس کے آئی جی جائے حادثہ کی طرف روانہ ہو چکے ہیں تاکہ مزید تحقیق کی جا سکے۔
درایں اثنا اردن کے وزیر اطلاعات اور مواصلات علی العاید نے بتایا کہ العقبہ کے علاقے میں میزائل پیر کی صبح داغے گئے۔
ادھر اسرائیل کے فوجی ریڈیو نے جنوبی اسرائیل کی ایلات بندرگاہ پر پانچ راکٹ گرنے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم صہیونی حکام نے اس حملے میں پہنچنے والے نقصان کی بابت کچھ نہیں بتایا ہے۔ ریڈیو کے مطابق ایک میزائل سمندر میں گرا جبکہ باقی اردن کی سرحد کے پاس گرے۔
اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے بھی ایلات اور اس کے گرد و نواح میں میزائل حملے کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے بتایا کہ اس میں کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔
یاد رہے کہ امسال بائیس اپریل کو جنوبی اسرائیلی شہر ایلات میں کاٹیوشا میزائل حملہ کیا گیا، تاہم اس میں بھی کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ حکام نے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا تھا کہ یہ راکٹ اردن یا مصر کے علاقے سیناء سے فائر کئے گئے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں