کراچی: ٹارگٹ کلنگ کی وارداتیں جاری ،35افراد ہلاک

کراچی: ٹارگٹ کلنگ کی وارداتیں جاری ،35افراد ہلاک
karachi2کراچی(ایجنسیاں)کراچی کے مختلف علاقوں میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 35افرادہلاک اور2درجن سے زائدزخمی ہوگئے جبکہ 11گاڑیوں کونامعلوم افراد نے نذرآتش کردیا ہے۔ ہلاک شدگان میں اے این پی، مہاجر قومی موومنٹ اور جماعت اسلامی کے کارکنان بھی شامل ہیں۔

حالات کشیدہ ہونے کے باعث حکومت سندھ نے شہر کے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کافیصلہ کیا ہے جبکہ آج ہونے والے تمام پرچے بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں۔گزشتہ روز سے جاری فائرنگ کے واقعات کے بعدشہرکے بیشترعلاقوں میں کاروبارزندگی مفلوج ہو کر رہ گیاہے ۔
کراچی پولیس کے مطابق گارڈن کے علاقے میں مسلح افرادنے فائرنگ کرکے پولیس اہلکارکو ہلاک کردیا۔شیرشاہ،لانڈھی،قائد آباد،پاپوش نگر اور موسی کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے5افراد ہلاک ہوگئے۔ ماڈل کالونی ،معین آباد اوررفاہ عام میں فائرنگ سے تین افرادہلاک ہوئے۔شمسی سوسائٹی میں بھی مسلح افرادکی فائرنگ سے 3افراد ہلاک ہوئے۔کورنگی نمبر6اورصدر کے علاقے لکی اسٹارکے قریب فائرنگ سے دو افرادہلاک ہوگئے۔نارتھ ناظم آبادمیں کٹی پہاڑی کے قریب دو افراد کوفائرنگ کرکے ہلاک کیاگیا۔ اورنگی ٹاؤن میں قصبہ موڑ کے قریب اورسول اسپتال ایمرجنسی کے باہر فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔
ادھر سچل،صفورا گوٹھ اورپاپوش نگرمیں نامعلوم افراد نے5 گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ مسلح افراد نے ہوائی فائرنگ کرکے قصبہ کالونی، پیرآباد،محمود آباد،شاہ فیصل کالونی،صدر،لانڈھی،کورنگی اورابوالحسن روڈپردکانیں اورکاروباربندکرادیا۔رات گئے بفر زون میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو ہلاک کردیا ۔
شہرکی موجودہ صورتحال پربالآخرصوبائی وزیرداخلہ ڈاکٹرذوالفقار مرزانے نوٹس لے لیاہے اورآج صبح پولیس، رینجرز اورحساس اداروں کے حکام کا اجلاس طلب کرلیاہے جس میں شہرکی موجودہ صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔
عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی کے چئرمین شاہی سید نے ہلاکتوں کے حالیہ واقعات کو انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل ناکامی قرار دیا ہے۔ انہوں نے ان واقعات کو پختونوں کی نسل کشی قرار دیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
شاہی سید کا کہنا ہے ان واقعات میں وہی عناصر شامل ہیں جو سانحہ 12بارہ مئی میں ملوث تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کافی عرسے سے پورے شہر میں ٹارگٹ کلنگ ایک بہت ہی منظم طریقے سے جاری ہے اور اس میں ایک ہی قسم کا اسلحہ استعمال ہو رہا ہے اور مارنے والوں کا انداز بھی ایک جیسا ہے جس سے صاف ظاہر ہے کہ اس میں ایک ہی گروہ ملوث ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کراچی کے واقعات پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پر جتنا حق دیگرقومیتوں اور اے این پی کاہے اتناہی حق ہزارے وال کاہے اور کراچی کاامن پورے شہرکے عوام کے مفادمیں ہے۔ لہٰذا وہ اے این پی اورہزارہ صوبہ تحریک چلانے والوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ایک دوسرے کے بینر اور پوسٹر جلانے کے بجائے ایک دوسرے کو برداشت کریں اور ایک دوسرے کے خلاف اشتعال انگیز بیانات سے گریزکیاجائے۔
اس سے قبل مہاجر قومی موومنٹ حقیقی کی جانب سے ٹارگٹ کلنگز اور نو گو ایریاز کے خلاف بدھ کی صبح سپریم کورٹ کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس وقت یہ مظاہرہ جاری تھا اس وقت چیف جسٹس افتخار محمد چودھری مقدمات کی سماعت کر رہے تھے۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ چیف جسٹس ٹارگٹ کلنگز کا ازخود نوٹس لیں اور نو گو ایریاز ختم کیے جائیں۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں