صومالی دارالحکومت میں دو بم دھماکے،20 افراد ہلاک

صومالی دارالحکومت میں دو بم دھماکے،20 افراد ہلاک
killed-by-somaliموغادیشو (ایجنسیاں) صومالیہ کے دارالحکومت میں موغا دیشومیں دوبم دھماکوں میں بیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

صومالیہ میں افریقی یونین کی فوج کے ایک ترجمان میجر بارگئی بہاکو نے بتایا ہے کہ ایک بم دھماکا موغا دیشو کی مرکزی بکرا مارکیٹ میں واقع ایک مسجد میں ہوا ہے۔ایک عینی شاہد کے مطابق دھماکے کے وقت لوگ نماز ظہر کے انتظار میں مسجد میں تھے۔
اطلاعات کے مطابق حملے میں الشباب کے جنگجووں کو نشانہ بنایا گیا ہے جو اس وقت مسجد میں موجود تھے اور ان میں سے بعض افراد امریکا کو بھی مطلوب تھے۔
واضح رہے کہ صومالی دارالحکومت کے بیشتر حصے پر اسلام پسند مزاحمت کاروں کا کنٹرول ہے اور وہ مغرب کی حمایت یافتہ حکومت کو گذشتہ تین سال سے اقتدار سے نکال باہر کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ اس وقت دارالحکومت موغا دیشو اوردوسرے بڑے شہر بیدوآ کے سواملک کے تمام جنوبی اور وسطی علاقے بھی اسلام پسندوں کے کنٹرول میں ہیں.
یادرہے کہ صومالیہ میں گذشتہ دوسال کی خانہ جنگی کے دوران دس ہزار سے زیادہ شہری مارے جاچکے ہیں ،دس لاکھ کے قریب بے گھر ہوگئے ہیں جبکہ ملک کی ایک تہائی آبادی کو انسانی بحران کے پیش نظر ہنگامی امداد کی ضرورت ہے۔خانہ جنگی کا شکار صومالیہ میں گذشتہ بیس سال سے کوئِی مضبوط مرکزی حکومت نہیں ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت اوراسلام پسند ایک نہ ختم ہونے والی جنگ میں الجھے ہوئے ہیں اوراس کا خمیازہ عام لوگ بھگت رہے ہیں.صومالی دارالحکومت میں جاری لڑائی کے دوران گولے اندھا دھند شہریوں پر گررہے ہیں اوروہ بم دھماکوں کا بھی نشانہ بن رہے ہیں اور یہ ایک معمول بن چکا ہے. القاعدہ سے وابستہ الشباب کے جنگجو اوراعتدال پسند نقطہ نظر کی حامل حزب الاسلام تنظیم کے جنگجو اکثر مل کر سرکاری سکیورٹی فورسز پرحملے کرتے رہتے ہیں.

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں