دینی مدارس حکومتوں کے مالی امداد مسترد کردیں

دینی مدارس حکومتوں کے مالی امداد مسترد کردیں

خاش (سنی آن لائن)ممتاز سنی عالم دین مولانا عبدالحمید نے دینی مدارس کی آزادی و استقلال پر زور دیتے ہوئے کسی بھی حکومت سے مالی امداد نہ لینے پر تاکید کی ہے۔
ہمارے نامہ نگاروں کے مطابق بدھ اٹھارہ مارچ (28 جمادی الاولی 1436) کو ایرانی بلوچستان کے شہر خاش میں شورائے مدارس اہل سنت سیستان بلوچستان کے ذمہ داروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خطیب اہل سنت زاہدان نے کہا: جامعہ مدینة العلوم خاش میں ہمارے اجتماع کا مقصد تعلیمی و تربیتی امور پر مشورت و اظہارخیال ہے۔ بے جا نہ ہوگا اگر کہا جائے تعلیم و تربیت سے بڑھ کر کوئی اہم کام نہیں ہے۔ انسانیت کی قدر اور عزت کا دار و مدار تعلیم و تزکیہ پر ہے۔
اہل سنت کی مذہبی آزادی پر زور دیتے ہوئے شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے کہا: مذہبی آزادیوں اور دینی مدارس کی حکومتوں سے استقلال ہمارے لیے بہت ہی اہم ہے۔ سیاسی طورپر ہم اسلامی جمہوریہ ایران کے شہری و تابع ہیں۔ آئین و قانون کے لحاظ سے ہمیں مذہبی و تعلیمی امور میں مکمل آزادی حاصل ہے۔ اگر آئین کی یہ شقیں صحیح اور درست انداز میں نافذ ہوں تو بہت سارے مسائل خودبخود حل ہوجائیں گے۔
انہوں نے مزیدکہا: افسوس کا مقام ہے کہ قانون کے نفاذ میں دخل اندازی ہوتی ہے اور بعض ادارے یا افراد اپنی مرضی کے قوانین نافذ کرتے ہیں۔ ہمیں نماز کے قیام کے سلسلے میں ملک کے کسی بھی کونے میں آزادی حاصل ہونی چاہیے۔ اسی طرح تعلیمی امور میں ہم خود فیصلہ کرتے ہیں دوسروں کو یہ کام نہیں کرنا چاہیے۔ ایران کسی خاص گروہ یا برادری کا ملک نہیں ہے، یہ ملک پوری قوم کا ہے۔
صوبہ سیستان بلوچستان کے دینی مدارس کے مہتممین سے خطاب جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا: دینی مدارس پہلے کی طرح عوامی چندوں سے اپنا کام چلائیں۔ عوام کے تعاون میں برکت اور اخلاص ہے۔ لیکن حکومتوں کے تعاون میں بعض سیاسی مقاصد کا دخل ہے۔ سختیوں اور مسائل سہہ کر ہمیں اللہ تعالی پر توکل کرنا چاہیے۔
یاد رہے شورائے مدارس اہل سنت سیستان بلوچستان ایران کے سب سے بڑے صوبے کے دینی مدارس کا ادارہ ہے جس میں پچاس سے زائد دینی مدارس رکن ہیں۔ اس کا مرکزی دفتر دارالعلوم زاہدان کے احاطے میں واقع ہے۔ شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید اس کے صدر ہیں جبکہ شیخ الحدیث مولانا محمدیوسف حسین پور اس شورا کے مرکزی ناظم ہیں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں