سعوی عرب کی حکومت نے مسجد حرام کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے غیرمعمولی اور فول پروف انتظامات کیے ہیں۔ اللہ کے اس عظیم گھر کو ہرطرح کی آلائشوں سے پاک رکھنے کے لیے چار ہزار رضا کاروں پر مشتمل عملہ موجود ہے جو دن رات مسجد حرام کی صفائی میں مصروف عمل رہتا ہے۔
صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی برائے انسداد جراثیم کشی نے بتایا ہے کہ مسجد حرام میں صفائی کے عملے پر مشتمل ٹیمیں دن میں دس بار بیت اللہ اور مسجد حرام کی صفائی کرتی ہیں۔ اس دوران مسجد حرام کے صحن اور تمام سہولیات کی صفائی کی جاتی ہے۔
صفائی پرمامور عملہ مسجد حرام میں کونوں کھدروں اور تنگ جگہوں کی بھی انتہائی اہتمام کے ساتھ صفائی کرتا ہے۔ مسجد حرام میں بچھائی گئی قالینوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ انہیں جراثیم کش اسپرے سے محفوظ بنایا جاتا اور بہترین عطر سے معطر کیا جاتا ہے۔ صفائی کے لیے انسانی ہاتھوں کے ساتھ مشینی آلات کا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ جراثیم کش اسپرے کرنے والا عملہ مسجد حرام کی تمام منزلوں، پلوں، داخلی اور خارجی راستوں کی طہارت کو یقینی بناتا ہے۔ اس دوران مسجد کے وضوخانے کی بھی باقاعدگی کے ساتھ صفائی کی جاتی ہے۔
مسجد حرام میں قالینوں کے امور کے انچار جابر الودعانی نے کہا ہے کہ مسجد حرام کی صفائی حجر اسود کو صاف کرنے سے شروع ہوتی ہے۔ صفائی کے عمل میں رضا چار چمڑے کے وائپر کا استعمال کرتے ہیں۔ پانی کے ذریعے دھونے کے بعد مسجد کے فرش کو خشک کیا جاتا ہے۔
الودعانی نے بتایا کہ صفائی کے لیے استعمال ہونے والے تمام آلات کو استعمال کرنے کے بعد انہیں بھی صاف کیا جاتا ہے اور انہیں مسجد کے تہہ خانے میں ان کی مخصوص جگہ پر رکھا جاتا ہے۔ مسجد حرام اور اس کے فرش کی صفائی کا عمل تیزی سے انجام دیا جاتا ہے جسے صرف بیس منٹ میں مکمل کرلیا جاتا ہے۔
آپ کی رائے