افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کا ایک سال مکمل ہونے پر شاندار جشن

افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کا ایک سال مکمل ہونے پر شاندار جشن

افغانستان سے امریکی قیادت میں غیر ملکی افواج کے انخلا کا ایک سال مکمل ہونے پر طالبان جشن منا رہے ہیں۔ دارالحکومت کابل کو رنگ برنگی لائٹوں سے روشن کیا گیا ہے جب کہ [آج] بروز بدھ کو ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
منگل کی شب کابل میں آسمان آتش بازی سے جگما اٹھا اور طالبان جنگجوؤں کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
کابل میں تین سلطنتوں کے خلاف فتوحات کا جشن منانے کے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔ ان سلطنتوں میں سابق سوویت یونین اور برطانیہ بھی شامل ہیں۔
سرکاری عمارتوں اور اسٹریٹ لائٹس پر طالبان کے سینکڑوں سفید پرچم لگائے گئے ہیں۔دارالحکومت کابل میں سابق امریکی سفارت خانے کے قریب مسعود اسکوائر پر طالبان سفید پرچم اٹھائے دکھائی دیے جب کہ وہ شہر بھر میں گاڑیوں کے ہارن بجاتے ہوئے گشت کرتے رہے۔
افغانستان میں طالبان کی حکومت کو اب تک کسی بھی ملک نے تسلیم نہیں کیا۔ طالبان کی حکومت پر عالمی دباؤ ہے کہ وہ انسانی حقوق خصوصاً خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور سخت قوانین میں نرمی لائیں۔
افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کے باوجود کئی افغان شہری کہتے ہیں کہ وہ خوش ہیں کہ بیرونی قوت جس نے طالبان کی بغاوت کو جنم دیا تھا وہ چلی گئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ کی تاریخ کی طویل ترین جنگ کا خاتمہ گزشتہ برس ہوا تھا اور 31 اگست کی آدھی رات غیر ملکی افواج کا انخلا مکمل ہوا تھا جس سے دو ہفتے قبل ہی طالبان نے افغانستان کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا۔
امریکہ نے اس 20 سالہ طویل جنگ کا آغاز 11 ستمبر 2001 میں نیویارک میں ہونے والے حملوں کے تناظر میں کیا تھا۔اس جنگ کے دوران لگ بھگ 66 ہزار افغان فوجی اور 48 ہزار شہری ہلاک ہوئے جب کہ امریکی سروس کے دو ہزار 461 اراکین بھی مارے گئے۔
اس کے علاوہ دیگر نیٹو ممالک کے ساڑھے تین ہزار سے زائد فوجی بھی ہلاک ہوئے۔
طالبان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے نئے تربیت یافتہ جنگجوؤں کی ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں جس میں بہت سے افراد امریکہ کے چھوڑے گئے فوجی سازوسامان کو لہرا رہے ہیں۔
طالبان کی جانب سے اقتدار میں آنے پر فخر کرنے کے باوجود افغانستان کے تقریباً تین کروڑ 80 لاکھ افراد بدترین انسانی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ کیوں کہ ملک کے اربوں ڈالر کے اثاثے منجمد ہیں اور غیرملکی امداد ختم ہو رہی ہے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں