القاعدہ کے رہ نما ڈاکٹرایمن الظواہری نے کہا ہے کہ ’’امریکا کی کمزوری کی وجہ سے اس کا یورپی اتحادی یوکرین روسی فوج کے حملے کا ’’شکار‘‘ہوا ہے‘‘۔انھوں نے یہ بات ہفتے کے روزاپنے پیش رواسامہ بن لادن کی ہلاکت کی گیارھویں برسی کے موقع پرپہلے سے ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو میں کہی ہے۔
عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں پرنظررکھنے والے سائٹ انٹیلی جنس گروپ کے مطابق 27 منٹ کی تقریرپرمبنی یہ ویڈیوجمعہ کو جاری کی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں القاعدہ کے رہ نما کتابوں اوربندوق کے ساتھ ایک ڈیسک پر بیٹھے نظرآرہے ہیں۔
الظواہری نےمسلم اتحاد پرزور دیتے ہوئے11 ستمبر2001ء کے دہشت گرد حملوں کے بعدعراق اورافغانستان میں شروع ہونے والی جنگوں کے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’امریکااس وقت کمزوری اور زوال کی حالت میں ہے‘‘۔
انھوں نے کہا کہ ’’امریکا نے عراق اورافغانستان میں شکست کے بعد، گیارہ ستمبر کے حملوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی آفات اورکروناوَبا کے بعد اپنے اتحادی یوکرین کو روسیوں کے رحم وکرم پر چھوڑدیاہے‘‘۔
واضح رہے کہ اسامہ بن لادن مئی 2011ء میں امریکی فورسز کے پاکستان کے شہرایبٹ آباد میں ایک کمپاؤنڈ پر چھاپامارحملے میں مارے گئے تھے۔انھیں امریکا پرگیارہ ستمبر کےحملوں کا ماسٹرمائنڈ اورمالی معاون خیال کیا جاتاتھا۔
ان کے بعد ڈاکٹرایمن الظواہری کوالقاعدہ کا سربراہ بنایا گیا تھا۔وہ تب سے روپوش ہیں اوران کے ٹھکانے کا کوئی اتا پتا نہیں ہے۔وہ امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف بی آئی) کو مطلوب ہیں۔ امریکا نے ان کی گرفتاری میں معاون معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے ڈھائی کروڑڈالرکا انعام مقررکررکھاہے۔
آپ کی رائے