مولانا عبدالحمید:

تزکیہ کے لیے خود کو اللہ کے منصوبوں کے سپرد کریں

تزکیہ کے لیے خود کو اللہ کے منصوبوں کے سپرد کریں

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے زاہدان میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے اسلام کے مختلف احکام اور فرائض کی خصوصیات اور انسان کی اصلاح و تزکیہ میں ان کی تاثیر کے بارے میں گفتگو کی۔ انہوں نے کہا ان احکام کو بجالاکر انسان تزکیہ حاصل کرکے اللہ کی رضامندی پاسکتاہے۔
زاہدان میں ہزاروں فرزندانِ توحید سے خطیب اہل سنت زاہدان نے آٹھ اپریل دوہزار بائیس کو بیان کرتے ہوئے اپنے خطاب کا آغاز سورت البقرہ کی آیات 184-185 سے کیا۔
انہوں نے کہا: اللہ تعالی چاہتاہے انسان کو اسلام کے منصوبوں کے ذریعے اصلاح کرکے جنت جانے کے مستحق بنادے۔ انسان کی اصلاح و تزکیہ کے لیے اللہ تعالیٰ کے منصوبے کامل اور جامع ہیں جو انسانی زندگی کے تمام گوشوں کو شامل ہیں۔
شیخ الحدیث دارالعلوم زاہدان نے کہا: انسانی زندگی کے مختلف گوشے ہیں اور ہر ایک کی اصلاح کے لیے اللہ تعالیٰ نے مختلف احکام اور فرائض بھیجا ہے۔ انسان کی مکمل اصلاح اس وقت ہوسکتی ہے جب وہ ان سب احکام کو بجالائے اور محرمات و ممنوع کاموں سے گریز کرے۔ جب شخص روزہ رکھتاہے، لیکن غیبت، گالی گلوچ اور الزام تراشی جیسے گناہوں سے نہیں بچتاہے، اس کی اصلاح مکمل نہیں ہوسکتی ہے۔ بیہودہ باتیں اور حرام سے روزہ کا اثر ختم ہوجاتاہے۔ رمضان ہماری اصلاح اور تزکیہ ہی کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا: عبادات کے کچھ مثبت اثرات ہیں؛ روزہ اور حج بعض جسمانی بیماریوں کے علاج کے ساتھ ساتھ گناہوں سے بھی انسان کو پاک کرتے ہیں۔ زکات دینے سے گناہ پاک ہوتے ہیں اورانسان تزکیہ ہوتاہے۔ زکات ایک فرض ہے اور فرائض ادا کیے بغیر انسان کی اصلاح نہیں ہوسکتی ہے۔
مولانا عبدالحمید نے کہا: عذابِ الہی سے نجات فرائض ادا کرنے اور منہیات سے پرہیز کرنے سے حاصل ہوجاتی ہے۔ فرض نماز کو مسلمانوں کے ساتھ مسجد ہی میں ادا کریں۔ جو نماز گھر میں ادا کی جاتی ہے، اس کا وہ اثر اور ثواب نہیں ہوتا جو مسجد میں پڑھی ہوئی نماز سے حاصل ہوتاہے۔ مسجد ہی سے گھر میں نور آتاہے اور اسی لیے زندگی کے آخری لمحات تک مساجد سے اپنا تعلق مضبوط رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا: مساجد اللہ کے گھر ہیں اور اللہ تعالیٰ اپنے گھر میں اپنی رحمتوں سے تمہاری تواضع کرتاہے اور اس کے فرشتے تم پر درود و سلام بھیجتے ہیں۔ رمضان المبارک آیاہے تاکہ ہمارے تعلقات کو اللہ رب العزت، مساجد، قرآن اور غریبوں سے ترمیم کرے۔
بات آگے بڑھاتے ہوئے خطیب اہل سنت نے رمضان کو مواسات و ہمدردی کا مہینہ یاد کرتے ہوئے اس مبارک مہینے میں زیادہ سے زیادہ دعا کرنے، ذکر و تلاوت قرآن اور غریبوں اور محتاجوں سے ہمدردی اور مالی تعاون پر زور دیا۔
انہوں نے کہا: اس ماہ مبارک میں اپنی اصلاح پر توجہ دیں، خودپسندی سے بچیں تاکہ ایمان اور ہدایت کا نور تمہارے دلوں میں آجائے۔ ذاتی کاموں کو کم کرکے عبادات کا مزید اہتمام کریں اور ماضی کی سستیوں کا ازالہ کریں۔

شریعت سے دوری انسان کی ناکامی کی وجہ ہے
مولانا عبدالحمید نے اپنے خطاب میں انسانی معاشرے کے بحرانوں کے اسباب پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: اگر ہم دنیا کو غور سے دیکھیں اور انسانی معاشرے پر نظر رکھیں، واضح ہوتاہے کہ انسان دنیا کے زمینے میں چیلنجوں کا سامنا کرتاہے۔ زندگی اس کے لیے کڑوی اور تنگ ہوچکی ہے اور وہ ناکامی کے احساس سے دوچار ہے؛ انسان لڑائی اور جنگ، خودکشی اور خونریزی سے اپنی مشکلات پر قابو پانے یا جان چھڑانے کی کوشش کرتاہے۔
انہوں نے مزید کہا: انسان کے مسائل کی جڑ فطرت کی راہ چھوڑنے میں ہے؛ انسان اس راستے سے منحرف ہوچکاہے جو قدرت نے اس کے وجود میں رکھاہے۔ فطرت کی راہ ’دین‘ ہے۔ اسی راہ پر چلنے کی صورت میں انسان کے لیے زندگی خوشگوار ہوجاتی ہے اور وہ ’حیات طیبہ‘ حاصل کرسکتاہے۔
خطیب اہل سنت زاہدان نے کہا: صحابہؓ کے دور میں جب مسلمان فطرت کی راہ پر چلتے تھے، زندگی ان کے لیے لطف اندوز تھی اور وہ خوشی اور کامیابی کے جذبے سے رہ رہے تھے۔ اگر انسان زندگی کا مقصد بھول جائے اور فطرت کی راہ کو جو شریعت ہی کی راہ ہے، کھوئے اور اپنی عقل کی نگاہ سے زندگی کو دیکھے، پھر زندگی تلخ ہوجاتی ہے اور بندہ خود کو ناکام تصور کرتاہے۔

گنبد کاووس اور مشہد میں شیعہ و سنی علما کا قتل مذموم ہے
شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے اپنے خطاب کے آخر میں ایران کے شمالی شہر گنبد کاووس میں دو سنی علما کے قتل اور اس کے بعد مشہد میں دو شیعہ علما کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان واقعات کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا: بہت ہی برا ہے کہ کوئی شخص اپنے طورپر دوسروں سے الجھ کر انہیں قتل کرے۔ امن بڑی نعمت ہے۔ ایرانی قوم ایک ہی خاندان کی مانند ہے اور دنیا کی دیگر قوموں سے رشتہ داری اور قرابت کا احساس رکھتی ہے۔ اگر کوئی پاگل منحرف کوئی غلط کام کرے، اس کا کام پوری برادری کے نام نہیں کرنا چاہیے۔ حکام سمجھداری سے ان مسائل کو دیکھیں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں