مولانا عبدالغنی بدری:

اصلاحِ نفس اور مزید عبادت کی توفیق کے لیے زیادہ سے زیادہ دعا اور محنت کریں

اصلاحِ نفس اور مزید عبادت کی توفیق کے لیے زیادہ سے زیادہ دعا اور محنت کریں

زاہدان کے نائب خطیب اہل سنت نے شعبان و رمضان کو اصلاح و خودسازی کے مہینے یاد کرتے ہوئے حاضرین کو مزید عبادت کی توفیق حاصل کرنے اور سابقہ کمزوریوں کے ازالہ کے لیے محنت کرنے کی ترغیب دی۔
مولانا عبدالغنی بدری نے اٹھارہ مارچ دوہزار بائیس کے خطبہ جمعہ میں زاہدانی نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا: شعبان اور رمضان اللہ کی طاعت و بندگی اور تزکیہ و اصلاح کے مہینے ہیں۔ بعض اکابر ان مہینوں میں اپنے دیگر علمی مصروفیات کو بند کرکے صرف عبادت پر توجہ دیتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا: اہل توفیق کو اللہ تعالیٰ ان مہینوں میں بڑے کام کرنے کی توفیق دیتاہے، لیکن محروم لوگ کعبہ کے پڑوس میں رہتے ہوئے تمام تر اسباب کی موجودی میں بھی اللہ کی عبادت سے محروم ہیں۔ لہذا اپنی توفیق کے لیے دعا کریں اور سابقہ کمزوریوں کے ازالے کے لیے بھی کوشش کریں۔
استاذ التفسیر و الحدیث جامعہ دارالعلوم زاہدان نے کہا: ہم جتنا خیرالقرون سے دور ہوتے چلے جاتے ہیں اور قیامت سے قریب ہوتے ہیں، اتنا ہی فتنہ و فساد بڑھ جاتاہے اور لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوتاہے۔ آرام و راحت کے اسباب زیادہ ہیں لیکن لوگوں میں تشویش اور پریشانی بھی پائی جاتی ہے، بلکہ بڑھ ہی جاتی ہے۔ تمام تر کوششوں کے باوجود اور متعدد تنظیموں اور انجمنوں کی تشکیل کے باوجود پھر لوگوں کے مسائل بڑھ جاتے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا: کیوں فساد اور فتنے بڑھ جاتے ہیں اور لوگوں کی پریشانیوں کی جڑ کیا ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ دنیا میں فساد کی وجہ خود انسان ہے۔ لوگ اپنی دنیا کے ظاہر کو سنوارتے ہیں لیکن اپنے دل اور باطن سے غافل ہیں۔ جب دل بیمار ہو اس میں ہر قسم کی بیماری بشمول شرک، کفر، خرافات اور فساد پیدا ہوسکتی ہیں۔ انسان درندہ خو بن جاتاہے اور اس کے دیگر اعضا بھی فساد کا شکار ہوجائیں گے۔
مولانا بدری نے مزید کہا: لیکن جب دل ٹھیک ہوجاتاہے اور اس میں خوفِ خدا اور تقوا پیدا ہوجاتاہے، پھر ایسا شخص اپنی جان اور مال بخوشی اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی رضامندی حاصل کرنے کے لیے پیش کرتا ہے۔دل اہم ہے؛ یہ ایمان کی جگہ اور اللہ جل جلالہ کی توجہات کا مرکز ہے۔ آپﷺ نے تیرہ سال مکی زندگی میں لوگوں کے دلوں پر کام کیا۔
انہوں نے مزید کہا: اللہ تعالیٰ انسان کو اس کے نفس سے آزمائش میں مبتلا کرتاہے۔ نفس کی سرگرمیوں کا مرکز دل ہے۔ انسان میں اچھائی اور برائی دونوں کی جانب رجحان رکھاگیا ہے۔ ساتھ ہی اللہ تعالیٰ اس دل کی اصلاح و تزکیہ کے لیے انسان کو رہنمائی فرمائی ہے۔ رمضان اور شعبان دل کی اصلاح کے لیے بہترین مواقع ہیں۔
نائب خطیب زاہدان نے آخر میں کہا: روزہ، زکات اور اللہ تعالیٰ کے تمام احکام نفس کی اصلاح کے لیے ہیں۔ تقویٰ سے بندہ اپنی خواہشات پر قابو پاسکتاہے اور نفس کو مغلوب کرسکتاہے۔ لہذا ان مہینوں میں زیادہ سے زیادہ اپنی اصلاح کے لیے کوشش کریں اور اللہ کی رضامندی حاصل کرنے کے لیے محنت کریں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں