صوبہ خراسان کے ممتاز عالم دین مولانا عبدالاحد مالکی انتقال کرگئے

صوبہ خراسان کے ممتاز عالم دین مولانا عبدالاحد مالکی انتقال کرگئے

صالح آباد(سنی آن لائن) ایران کے مشرقی صوبہ خراسان کے ضلع صالح آباد سے تعلق رکھنے والے ممتاز عالم دین مولانا عبدالاحد مالکی (نوتانی) طویل علالت کے بعد سنیچر بارہ فروری کو انتقال کرگئے۔
سنی آن لائن کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، مولانا مالکی تربت جام کے سجادیہ اسپتال میں زیرِ علاج تھے جہاں ان کی روح پرواز کرگئی۔ بلوچ عالم دین دل کی بیماریوں کا شکار تھے۔ ان کی عمر 66 برس تھی۔
مولانا عبدالاحد 1972ء میں دینی تعلیم کی خاطر پاکستان گئے جہاں سب سے پہلے آپ نے مدرسہ تجوید القرآن کوئٹہ میں مولانا قاری غلام نبی اور مولانا مفتی خدانظر رحمہم اللہ سے استفادہ کیا۔ بعد ازآں آپؒ نے پنجاب کے ضلع رحیم یارخان کا رخ کیا۔ رحیم یارخان میں آپ نے شیخ الحدیث والتفسیر مولانا عبدالغنی جاجروی رحمہ اللہ کے پاس دورہ تفسیر پڑھا۔ خانپور کے جامعہ مخزن العلوم میں آپ نے حافظ القرآن و الحدیث مولانا عبداللہ درخواستی ؒ سے دورہ حدیث کی کتابیں پڑھ کر اسی جامعہ سے فارغ التحصیل ہوئے۔
فراغت کے بعد، مولانا عبدالاحد نے خراسان کے علاقہ صالح آباد کو اپنا مسکن بنایا اور جامعہ تعلیم القرآن کی تاسیس کے بعد اس مدرسے کے مدرس مقرر ہوئے جس کی بنیاد مولانا محی الدین بلوچستانی نے رکھی تھی۔
جنت آباد میں آپؒ مسجد خلفائے راشدین کے پیش امام تھیاور مولانا شمس الدین رنجبر کے انتقال کے بعد اس شہر کے خطیب جمعہ مقرر ہوئے۔ امامت و خطابت کے ساتھ ساتھ، آپؒ فلاحی اور سماجی کاموں میں پیش پیش تھے اور لوگوں کے تنازعات کے تصفیہ میں دلچسپی لیتے تھے۔
مولانا عبدالاحد کی نماز جنازہ جنت آباد کی جامع مسجد کے احاطے میں ادا کی گئی جہاں صوبہ خراسان کے نامور علما نے شرکت کی۔ پھر ان کے اہل خانہ کی خواہش پر ان کی جنازہ صوبہ بلوچستان کے صدرمقام زاہدان منتقل ہوئی جہاں انہیں علما کے قبرستان میں دفنایا گیا۔
زاہدان میں جامعہ دارالعلوم زاہدان کے اساتذہ، مولانا مفتی محمدقاسم قاسمی اور مولانا عبدالغنی بدری نے قبرستان میں خطاب کرتے ہوئے انہیں ایک جید باعمل عالم دین یاد کیا۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں