ترک وزیرخارجہ چاؤش اوغلو کا دورہ پاکستان

ترک وزیرخارجہ چاؤش اوغلو کا دورہ پاکستان

ترکی کے وزیرخارجہ میولت چاؤش اوغلو تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ دورے کے دوران ترک وزیر خارجہ وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سے ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ترکی کے وزیرخارجہ میولت چاؤش اوغلو سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے۔ ان کا دورہ 12جنوری سے14جنوری تک ہوگا۔ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ترک وزیرخارجہ کے ہمراہ آئے گا۔
ترک وزیرخارجہ دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی سےملاقات کریں گے جبکہ دونوں ممالک کےوزرائےخارجہ میں باہمی تعلقات،خطےکی صورتحال پربات ہوگی۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈھائی سال سے ترک وزیرخارجہ کا یہ تیسرادورہ ہوگا۔ اس سے قبل ترک وزیر خارجہ کو گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم وہ کارا باخ تنازعات کے باعث ملتوی ہوگیا تھا۔
خیال رہے ترک وزیر خارجہ کی آمد کے دوران آذر بائیجان کے وزیر خارجہ بھی پہنچیں گے۔ آذر بائیجان کے وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک وفد بھی ہوگا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت تینوں وزرائے خارجہ سہ فریقی اجلاس منعقد کریں گے۔
یاد رہے گذشتہ سال نومبر میںوزیراعظم عمران خان نے ترک صدر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان میں مدرسے پر دہشت گرد حملے پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان یورپ میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی لہرپر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ عمران خان نے کہا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت، انتہا پسندی کے بڑھتے رجحان کو روکنا ہوگا۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں