ایران: تین بلوچ ماہی گیر وطن واپس آگئے

ایران: تین بلوچ ماہی گیر وطن واپس آگئے

چابہار (سنی آن لائن) مارچ دوہزار پندرہ سے اگست دوہزار بیس تک صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال تین ایرانی بلوچ ماہی گیر رہا ہوکر جمعہ اکیس اگست کو گھر پہنچ گئے۔
سنی آن لائن کی رپورٹ کے مطابق، ’جمال الدین دہواری، ابراہیم بلوچ نیا اور عبداللہ نوحانی‘ ان اکیس ماہی گیروں میں شامل تھے جو سراج نامی جہاز پر سوار تھے اور ملک واپس آتے ہوئے راستے میں صومالی قزاقوں کے نرغے میں آچکے تھے۔
ان تین ماہی گیروں کی رہائی میں بلوچ عمائدین اور صومالیہ کے مقامی لوگوں نے ایرانی وزارت خارجہ اور بعض سکیورٹی اداروں کے تعاون سے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
اس سے پہلے ایک ماہی گیر اقوام متحدہ کی ثالثی سے رہا ہوچکا ہے، چار ماہی گیروں کو مقامی افراد نے رہا کرایا جبکہ چار کو صومالی پولیس نے بچایا۔ ان کے علاوہ آٹھ بلوچ ماہی گیر بھوک اور تشدد کی وجہ سے قزاقوں کی قید میں جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں عبداللہ نوحانی کا بھائی اور کزن شامل ہیں۔
پہلی مرتبہ دسمبر دوہزار سولہ کو یرغمال ماہی گیروں کی ویڈیو شائع ہوئی جنہوں نے ایرانی حکومت سمیت عالمی برادری سے مدد کی اپیل کی۔ چار سال بعد ان کے گھروالوں کی کوششیں رنگ لائیں اور انہیں رہائی مل گئی۔ جنوری دوہزار سولہ سے صومالیہ نے ایران سے اپنے سیاسی تعلقات بند کرکے ایرانی سفارتکاروں کو موگادیشو سے نکال دیا تھا جس کی وجہ ایسے قیدیوں اور یرغمالیوں کی رہائی میں کافی وقت لگا۔
کہا جاتاہے اب بھی بعض بلوچ ماہی گیر صومالیہ سے لاپتہ ہیں جن کے بارے میں کوئی مصدقہ اطلاعات دستیاب نہیں ہے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں