مولانا عبدالحمید عیدالفطر کی نماز سے پہلے:

مسلمان اتحاد کے لیے علمی مجالس اور یونین بنادیں

مسلمان اتحاد کے لیے علمی مجالس اور یونین بنادیں

اہل سنت ایران کے ممتاز دینی و سماجی رہ نما نے عیدالفطر (چوبیس مئی دوہزار بیس) کی نماز سے پہلے زاہدان میں ہزاروں نمازی سے خطاب کرتے ہوئے عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لیے علمی مجالس اور یونین بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں پر تنقید کی جو مسلمانوں کی مشکلات حل کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔

سنی آن لائن نے مولانا عبدالحمید کی آفیشل ویب سائٹ کے حوالے سے رپورٹ دی، خطیب اہل سنت زاہدان نے اپنے بیان کے ایک حصے میں کہا: یہ انتہائی مسرت اور خوشی کی بات ہے کہ عالم اسلام میں عید ایک ہی دن میں منائی جارہی ہے اور اسے نیک شگون سمجھتے ہیں۔ آج عالم اسلام کو اتحاد کی ضرورت ہے اور مسلمانوں کو متحد ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا: کاش پوری دنیا کے مسلمانوں کی کوئی علمی مجلس ہوتی جس میں تمام مسالک شریک ہوتے اور وہی مجلس عید اور رمضان کا اعلان کرتی۔ مکہ کانفرنس میں بندہ نے واضح کیا کہ مسلمانوں کو ایک علمی مجلس بنانی چاہیے جس کا آغاز رویت ہلال کے موضوع سے کیاجاسکتاہے۔

رابطہ عالم اسلامی کی سپریم کونسل کے رکن نے کہا: یورپی ممالک اور یورپ و امریکا نے اپنے مفادات کی خاطر یونین بنایا ہے۔ روس نے بھی متعدد ممالک کو اپنے اردگرد اکٹھے کیا ہے اور ان کے ساتھ عسکری و اقتصادی معاہدے بناتاہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان جو دین اسلام پر فخر محسوس کرتے ہیں، اسلام اور عالم اسلام کے مفادات کی خاطر متحد ہوجائیں اور آپس میں اقتصادی اور حتی کہ دفاعی و عسکری معاہدے دستخط کریں۔

انہوں نے مزید کہا: دشمنانِ اسلام نے ہمیشہ کوشش کی ہے مسلمانوں میں تفرقہ ڈالیں۔ افسوس ہے کہ مسلمانوں نے دوراندیشی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے اور اسی وجہ سے بیت المقدس ان کے ہاتھوں سے نکل گیا ہے اور فلسطین صہیونی ریاست کے قبضے میں آیاہے۔ اب امریکا چاہتاہے کہ ڈیل آف سنچری کے نام سے ایک معاہدے کے تحت مغربی کنارے کے کچھ اور حصے اسرائیل سے ملحق کرائے جو عالم اسلام کے لیے بہت بڑی مصیبت شمار ہوگی۔

مولانا عبدالحمید نے مزید کہا: عالم اسلام میں اس کے علاوہ درجنوں اور مصائب و مشکلات ہیں؛ مسلمانوں کے اختلافات کی وجہ سے دشمن ریاستیں اپنے مفادات کی خاطر شام، عراق اور دیگر ممالک میں فوجیں اتارچکی ہیں اور ان ممالک کے سرمایوں کو لوٹ کر مسلمانوں کا قتلِ عام کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا: مسلمان اور مسلم ممالک کے سربراہان ان مصایب کے ذمہ دار ہیں۔ مسلم حکام کے پاس طاقت ہے، وہ کیوں عالم اسلام کے مسائل حل کرنے کے لیے متحد نہیں ہوتے ہیں؟ یہ حالت مسلمانوں کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے اور سب اس سے پریشان ہیں۔

عوام کی رہائش کا مسئلہ حل کریں
خطیب اہل سنت زاہدان نے اپنے عید الفطر کے بیان میں ایرانی حکام پر زور دیا صوبہ سیستان بلوچستان میں عوام کی رہائش کا مسئلہ حل کریں۔

انہوں نے کہا:ان ہی لوگوں کے آباؤ اجداد نے ملک کی حفاظت کی خاطر انگریز قابض افواج سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے اور آج انہیں گھر بنانے کے لیے زمین نہیں مل رہی ہے۔ لوگوں کو مفت میں زمین دی جائے؛ یہ علاقہ بڑا وسیع ہے اور سب آسانی سے گھر بناسکتے ہیں۔

عید اسلام کے تاریخی ایام میں شامل ہے
شیخ الحدیث دارالعلوم زاہدان نے اپنے بیان کے پہلے حصے میں عید کو اسلامی تاریخ میں ایک اہم دن یاد کرتے ہوئے اسے ایک روحانی نعمت قرار دی جو انسان کی تربیت کے لیے الہی پروگرام کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا: اللہ تعالی نے انسان کی روح و جسم کی تربیت اور نشو ونما کے لیے منصوبہ بندی فرمائی ہے۔ رمضان، زکات، حج اور دیگر احکام انسان کی روحانی تربیت کے لیے ہیں۔ سب کا مقصد ہماری کامیابی ہے اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے کہ انسان اپنے خالق کا مطیع بن جائے۔

مولانا عبدالحمید نے مزید کہا: ہماری عبادتوں سے اللہ تعالی کو کوئی نفع نہیں پہنچتا؛ اس ذات پاک کو ہماری زکات، نماز اور روزے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ یہ ہماری اطاعت شعاری، خداطلبی اور تقویٰ ہے جو ہمارے ہی مفاد میں ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں نمازیوں کو نصیحت کی نیک اعمال کا سلسلہ منقطع نہ کریں۔ مساجد اور عوامی مقامات میں حفظانِ صحت کے اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے حاضر ہوجائیں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں