مولانا پالن پوری کی وفات پر مولانا عبدالحمید کا تعزیتی پیغام

مولانا پالن پوری کی وفات پر مولانا عبدالحمید کا تعزیتی پیغام

زاہدان (سنی آن لائن) اہل سنت ایران کی ممتاز دینی و سماجی شخصیت نے دارالعلوم دیوبند کے شیخ الحدیث و صدرالمدرسین حضرت مولانا مفتی سعیداحمد پالن پوری کے سانحہ انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس موقع پر مولانا کے لواحقین، تلامذہ اور دارالعلوم دیوبند کے اراکین سمیت عالم اسلام کے تمام علمی حلقوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
دارالعلوم زاہدان کے صدر و شیخ الحدیث مولانا عبدالحمید کے پیغام میں آیاہے: بلاشبہ حضرت مولاناپالن پوری کا سانحہ انتقال عالم اسلام کے دینی و علمی حلقوں کے لیے بڑا نقصان ہے۔دارالعلوم دیوبند میں بطور شیخ الحدیث و صدرالمدرسین آپؒ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
ہزاروں شاگرد اور علما کی علمی تربیت اور متعدد علمی تصانیف آپؒ کی خدمات میں شامل ہیں۔
تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اہل سنت ایران کے رہ نما نے لکھا ہے: بندہ اس رنج و غم کے موقع پر اپنی اور دارالعلوم زاہدان میں اپنے ساتھیوں کی طرف سے مرحوم مولانا پالن پوریؒ کے سانحہ ارتحال پر ان کے لواحقین و متعلقین، پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ان کے تلامذہ اور دارالعلوم دیوبند کے اراکین سمیت عالم اسلام کے تمام علمی حلقوں سے تعزیت کا اظہار کرتاہے۔ اللہ تعالی مرحوم کو مکمل مغفرت اور پس ماندگان کو صبر جمیل اور اجر جزیل عطا فرمائے، آمین۔
یاد رہے حضرت مولانا پالن پوری گزشتہ روز انیس مئی کو بمبئی میں مختصر علالت کے بعد اس فانی دنیا سے کوچ کرگئے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں