امام ندویؒ کانفرنس دارالعلوم زاہدان میں منعقد ہوگئی

امام ندویؒ کانفرنس دارالعلوم زاہدان میں منعقد ہوگئی

زاہدان (سنی آن لائن) دارالعلوم زاہدان کے شعبہ تخصصات اور تخصص فی الادب العربی کے زیر اہتمام علامہ ابوالحسن علی ندوی رحمہ اللہ کانفرنس اتوار بارہ جنوری دوہزار بیس کی شام کو منعقد ہوگئی۔

”امام ندوی؛ اسلامی ادب، فکر اور دعوت کے سرخیل کانفرنس“ کے منتظمین نے متعدد عربی اور فارسی عنوانات کا اعلان کرے اہل علم سے مقالے لکھنے کی درخواست کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق درجنوں مقالے کانفرنس کو موصول ہوئے تھے۔

سنی آن لائن کے نامہ نگاروں کے مطابق، مذکورہ کانفرنس میں صدر جامعہ دارالعلوم زاہدان مولانا عبدالحمید، جامعہ کے سینئر اساتذہ مولانا مفتی محمدقاسم قاسمی، مولانا عبدالقادر عارفی اور افغانستان کے مولانا عبدالمنان قاسمی نے خطاب کیا۔

نیز مولانا سید رابع ندوی دامت برکاتہم، مہتمم دارالعلوم ندوة العلما لکھنو کا خاص ریکارڈڈ پیغام برائے کانفرنس نشر کیا گیا۔

مولانا عبدالقادر عارفی نے اپنے خطاب میں علامہ ندوی ؒ کو ایک معتدل، عابد، متقی اور مفکر شخصیت یاد کیا۔

دارالعلوم دیوبند کے فاضل اور علامہ ندوی سے براہ راست استفادہ کرنے والے مولانا عبدالمنان قاسمی نے اپنے مختصر بیان میں کہا: علامہ ندوی رحمہ اللہ دوراندیش دانشور، عارف، مفسر، محدث اور لکھاری تھے۔
مولانا سید محمد رابع ندوی نے اپنے ویڈیو پیغام میں ”امام ندوی؛ اسلامی ادب، فکر اور دعوت کے سرخیل کانفرنس“ کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا علامہ ندوی نے ایک ایسے دور میں امت کی خدمت کی جب مادیت کا غلبہ ہوچکا تھا۔

مولانا مفتی محمد قاسم قاسمی نے اپنے خطاب میں علامہ ندویؒ کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: سماج کے حالات بیدار لوگوں کو غور و فکر، دعا اور جد وجہد کی راہ جاری رکھنے پر مجبور کرتے ہیں۔ علامہ ندوی ایک ایسے دور پیدا ہوکر نشوو نما پائے جب خلافت عثمانی انحطاط کا شکار ہوچکا تھا اور مسلمانوں پر برے دن گزرہے تھے۔

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے علامہ ندوی کانفرنس میں اخلاص کو انبیا علیہم السلام اور صحابہ کرامؓ کی کامیابی کا راز قرار دیا۔

انہوں نے کہا: علامہ ندوی رحمہ اللہ نے اللہ کی رضامندی کے حصول کے جذبے سے تقویٰ کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے متعدد افراد کو راہِ راست پر لانے میں کامیاب ہوئے۔

مولانا نے تزکیہ و اصلاح کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: اہل علم، علما و طلبا اپنی اصلاح و تزکیہ پر محنت کریں ۔ یہ تعلیم پر مقدم ہے۔

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے کہا: ایک مرتبہ سفر حج میں مولانا علی میاں ؒ سے مسجد النبیﷺ میں ملاقات ہوئی۔ ہم نے انہیں متواضع اور سادہ زیست شخص پایا جو روضہ رسول ﷺ کے سامنے انتہائی عاجزی و تواضع سے بیٹھے ہوئے تھے۔ سب کامیاب داعی و خادم دراصل نبی کریم ﷺ کے خوشہ چین ہیں جو مرشد اعظم اور سب سے بڑے دانشور تھے۔

علامہ ندوی کانفرنس کے آخر میں دس ٹاپ مقالوں کے لکھاریوں کو انعامات اور شیلڈز دیے گئے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں