خطیب اہل سنت زاہدان:

اسلامی تعلیمات انسانیت کی اصلاح کے لیے ہیں

اسلامی تعلیمات انسانیت کی اصلاح کے لیے ہیں

مولانا عبدالحمید نے دس جنوری دوہزار بیس کے خطبہ جمعہ میں کہا ہے اللہ تعالی نے بشر کی مادی و روحانی ضرورتوں کو پوری کرنے کے لیے جامع منصوبے بناکر بھیجا ہے اور قرآن و سنت کی تعلیمات انسانیت کی اصلاح اور جنت کی نعمتوں کے حصول کے لیے ہیں۔
سنی آن لائن نے مولانا عبدالحمید کی آفیشل ویب سائٹ کے حوالے سے رپورٹ دی، خطیب اہل سنت زاہدان نے سورت الاعلی کی آیات نمبر چودہ تا انیس کی تلاوت سے اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے کہا: اللہ تعالی اپنے بندوں پر بہت مہربان ہے۔ اسی مہربانی و رحمت کا نتیجہ ہے کہ ان کی مادی و روحانی ضرورتوں کے پیش نظررب العالمین جامع و کامل منصوبے پیش فرماچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: جسم کی طرح روح کی بھی کچھ بیماریاں ہیں۔ جیسا کہ جسمانی امراض کا علاج ممکن ہے، ایسے ہی روح کی بیماریوں کے علاج بھی دستیاب ہے۔ کفر وشرک جو باطنی امراض ہیں، ان کا علاج توبہ وتوحید ہے۔ نفاق اور تکبر روح کے کینسر اور انتہائی خطرناک بیماریاں ہیں جو انسان کی روحانیت و معنویت کو تباہ کردیتی ہیں۔
شیخ الحدیث دارالعلوم زاہدان نے کہا: اللہ تعالی نے انسان کی اصلاح و رہ نمائی اور اسے جنت تک پہنچانے کے لیے آسمانی کتابیں اور انبیا علیہم السلام کو بھیجا۔ آخری آسمانی کتاب اور آخری نبی ہماری کتاب اور ہمارے نبیﷺ ہیں۔ آپ ﷺ رحمت للعالمین اور ایک انسان ساز مرشد بناکر بھیجے گئے۔
انہوں نے کہا: صحابہ رضی اللہ عنہم نے خودکو نبی کریم ﷺ کے سپرد کردیا جو انسان سازی میں بے مثال تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے قرآنی پروگرام ان پر نافذ کرکے انہیں ایسا کامل انسان بنایا کہ دنیا میں رہتے ہوئے انہیں جنت کی بشارت ملی۔ بعد کے انسانوں کی نجات بھی اسی میں ہے کہ وہ نبی کریم ﷺ کی پیروی کرکے اپنی اصلاح کرائیں اور جنت حاصل کریں۔
مولانا عبدالحمید نے مزید کہا: مسلمانوں کے پاس ایک ایسی عظیم نعمت ہے کہ اگر وہ اس کی قدر کریں اور قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوجائیں، وہ اپنی اصلاح و تزکیہ کے علاوہ دنیاوالوں کی اصلاح بھی کرسکتے ہیں۔ قرآن و سنت کی تعلیمات جامع ہیں جن کی بدولت بندے اپنی روحانی بیماریوں کا علاج کرسکتے ہیں۔

خطیب اہل سنت زاہدان نے اپنے خطاب کے آخر میں بلوچ ممبر پارلیمان ڈاکٹر محمدنعیم امینی فرد کے سانحہ وفات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس واقعے کو صوبہ اور پورے ملک کے لیے نقصان یاد کیا۔ انہوں نے کرمان، تہران اور گنبد میں پیش آنے والے حادثات میں درجنوں شہریوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جان بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا: ان تمام واقعات کا پیغام یہی ہے کہ دنیا ناپائیدار ہے اور ہم سب کے سامنے موت کھڑی ہے۔ لہذا اپنی قبر اور آخرت کے لیے تیاری کیا کریں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں