مولانا عبدالحمید:

اللہ تعالی کی غفاریت ہمیں گناہوں پر جری نہ کرے

اللہ تعالی کی غفاریت ہمیں گناہوں پر جری نہ کرے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے تین جنوری دوہزار بیس کے خطبہ جمعہ میں گناہ پر جرات کو غافل لوگوں کی صفت بیان کرتے ہوئے انفرادی و اجتماعی گناہوں کے منفی اثرات کو خطرناک قرار دیا۔
خطیب اہل سنت زاہدان نے زاہدان میں ہزاروں فرزندانِ توحید سے خطاب کرتے ہوئے سورت الرعد کی آیت نمبر پچیس: «وَالَّذِينَ يَنْقُضُونَ عَهْدَ اللَّهِ مِنْ بَعْدِ مِيثَاقِهِ وَيَقْطَعُونَ مَا أَمَرَ اللَّهُ بِهِ أَنْ يُوصَلَ وَيُفْسِدُونَ فِي الْأَرْضِ أُولَئِكَ لَهُمُ اللَّعْنَةُ وَلَهُمْ سُوءُ الدَّارِ » سے اپنے بیان کا آغاز کیا۔
انہوں نے کہا: افسوس کی بات ہے کہ منشیات اور شراب کا کاروبار ہوتاہے اور لوگ ایسی حرام چیزوں کا استعمال کرتے ہیں جو سماج کے لیے بہت خطرناک ہے۔ اللہ تعالی نے شراب نوشی کو شیطان کا کام اور پلید کہا ہے اور واضح طورپر اس سے منع فرمایاہے۔ اس کے باجود جو لوگ شراب نوشی کرتے ہیں، یہ ان کی غفلت کی نشانی ہے۔
شیخ الحدیث دارالعلوم زاہدان نے مزید کہا: جو لوگ زندگی کے اخراجات کا بہانہ بناکر ناجائز کاروبار کرتے ہیں، انہیں ایسے کاموں سے گریز کرنا چاہیے۔ اللہ کا وعدہ ہے کہ زمین پر ہر چلنے پھرنے والے کو خود ہی روزی دیتاہے۔ جو ذات صحراووں اور سمندروں میں موجود اپنی مخلوق کو روزی دیتاہے، وہ انسانوں کو بھی ضرور روزی دے گا۔ لہذا حلال روزی کمانا چاہیے۔
انہوں نے سودخوری اور سودی کاروبار کو تباہ کن یاد کرتے ہوئے کہا: سودخوری سے زندگی تباہ ہوجائے گی۔ کچھ لوگ دیکھتے ہیں اللہ تعالی فورا مواخذہ نہیں فرماتاہے، مغرور ہوجاتے ہیں اور مزید گناہ پر جری ہوجاتے ہیں۔ حالانکہ اللہ تعالی انہیں موقع دیتاہے تاکہ توبہ کرکے گناہ سے ہاتھ دھولیں۔ اللہ کی برداشت و حلم سے غلط فائدہ نہیں اٹھانا چاہیے۔
مولانا عبدالحمید نے میراث کی تقسیم پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: کسی یتیم کا مال لوٹنا اور میراث کی تقسیم میں سستی کا مظاہرہ کرنا بڑا گناہ ہے۔ کسی شخص کی وفات کے بعد بہتر یہی ہے کہ میراث کو درست اور عادلانہ طورپر تقسیم کی جائے۔ اس حوالے سے لوگوں کے طعنوں کی پرواہ نہ کریں بلکہ شریعت کا حکم نافذ کریں۔
انہوں نے اپنے خطاب کے اس حصے کے آخر میں کہا: جنگ اور لڑائی، ناحق لوگوں کو قتل کرنا، سیاہ کاری و شراب نوشی، ظلم اور ناانصافی و دیگر معاصی سب فساد ہیں۔ فرمانِ الہی ہے کہ خدا کی زمین پر فساد نہ کرو۔ لہذا ہم سب کو فساد سے مقابلے اور اصلاح معاشرہ کے لیے محنت کرنی چاہیے۔

جنرل سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہیں
ممتاز سنی عالم دین نے امریکی ڈرون حملے میں شہید ہونے والے ایرانی جنرل کے واقعے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ان کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا: امریکا نے ایک ناگوار واقعے کا ارتکاب کیا ہے۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ جنرل سلیمانی دنیا میں مشہور تھے جنہیں لوگ ان کے عسکری تجربوں اور مہارتوں سے جانتے ہیں۔

اپنے خطاب کے آخر میں مولانا عبدالحمید نے جامعہ دارالعلوم زاہدان کے سینئر استاذ حدیث مولانا مفتی محمدقاسم قاسمی کے صاحبزادہ، ضلع سراوان کے مولانا مفتی نظرمحمد زعیمی اور کردستان کے ممتاز دانشور پروفیسر سید اسعد شیخ الاسلامی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے پس ماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں