مولانا عبدالحمید صوبہ سیستان بلوچستان کے علماء کے جلسے میں حکومت سے مطالبہ کیا:

مولانا کوہی کو رہا کرکے قوت برداشت بڑھائیں

مولانا کوہی کو رہا کرکے قوت برداشت بڑھائیں

چابہار (سنی آن لائن)ایرانی بلوچستان کے ساحلی شہر چابہار میں صوبہ سیستان بلوچستان کے دینی مدارس کے مہتممین کے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے صدر شورائے مدارس اہل سنت سیستان بلوچستان نے مولانا فضل الرحمن کوہی کی رہائی کا مطالبہ پیش کیا جو اسی شورا کے رکن ہیں۔

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے مولانا فضل الرحمن کوہی کی ساتھیوں سمیت گرفتاری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: مولانا فضل الرحمن کوہی اہل سنت کے مفید علمائے کرام میں شمار ہوتے ہیں جن کا ریاست مخالف تنظیموں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کی تنقید بھی اس حد تک نہیں تھی کہ ناقابل برداشت بن جائے یا ان کی تنقید سے امن عامہ خطرے میں پڑجائے۔

انہوں نے کہا: مولانا فضل الرحمن کوہی کی رہائی اس جلسے میں موجود علمائے کرام کا مطالبہ ہے۔

صدر شورائے مدارس اہل سنت نے سوال اٹھایا: مولانا فضل الرحمن کی تنقید سے زیادہ سخت تنقید تہران میں ہوتی ہے جو ریاست کے لیے قابل برداشت ہیں، پھر مولانا کوہی کی تنقیدکیوں ناقابل برداشت بن چکی ہے؟

مولانا عبدالحمید نے کہا: ایسے حالات میں جب خطے میں مختلف قسم کے مسائل پائے جاتے ہیں اور غربت و بے روزگاری نے سب کو تنگ کیا ہے، حکام اپنی برداشت بڑھائیں اور ماضی کی طرح افہام و تفہیم سے مسائل حل کرائیں۔ مولانا کوہی کو جیل میں رکھنا ہرگز صوبہ اور ملک کے مفاد میں نہیں بلکہ نقصان دہ ہے۔

یاد رہے اٹھائیس نومبر کو مولانا فضل الرحمن کوہی کو مشہد کی ایک مخصوص عدالت نے پیشی کے لیے بلایا جہاں انہیں چھ ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا۔ مولانا کوہی ضلع سرباز کے علاقہ پشامگ میں ایک دینی مدرسے کے مہتمم اور خطیب جمعہ ہیں۔ انہوں نے اپنے خطبوں میں ہمیشہ اہل سنت کے حقوق کا دفاع کیا ہے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں