غزہ میں اسرائیل کا فضائی حملہ ، اسلامی جہاد تنظیم کا کمانڈر جاں بحق

غزہ میں اسرائیل کا فضائی حملہ ، اسلامی جہاد تنظیم کا کمانڈر جاں بحق

اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ منگل کو علی الصبح غزہ شہر میں ایک فضائی حملے میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم “اسلامی جہاد” کے عسکری ونگ القدس بریگیڈؑز کے اہم رہ نما بہاء ابو العطا کو مار دیا گیا۔ یہ حملہ مذکورہ کمانڈر کے گھر پر کیا گیا جو غزہ شہر کے مشرقی حصے میں واقع ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس کارروائی کی اجازت وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے دی۔ بیان میں ابو العطاء پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ حالیہ عرصے میں اسرائیلی فوج پر راکٹوں، ڈرون طیاروں اور نشانچیوں کے ذریعے حملوں کے ذمے دار رہے۔
بیان کے مطابق ابو العطاء غزہ پٹی میں فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد کی زیادہ تر سرگرمیوں کے نگراں تھے … اور انہوں نے عن قریب مختلف ذرائع سے حملوں کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔
اس حوالے سے طبی کارکنان کا کہنا ہے کہ غزہ کے علاقے الشجاعیہ میں ہونے والے حملے میں ایک خاتون جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب اسلامی جہاد تنظیم نے ایک بیان میں بہاء ابو العطاء اور ان کی اہلیہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اسرائیل کو ہلا دینے والے جواب کی دھمکی دی ہے۔
العربیہ کے نمائندے کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوب میں واقع یہودی بستیوں کی آبادی کو ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں کو اسکول نہ بھیجیں۔ صہیونی فوج نے غزہ پٹی کی سرحد کے متوازی تمام راستوں کو بند کر دیا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی سے یہودی بستیوں کی جانب کئی میزائل داغے گئے۔ اس دوران اسرائیل میں آئرن ٹومب سسٹم نے کم از کم دو میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا۔
العربیہ کے نمائندے کے مطابق اسرائیل نے غزہ پٹی کے نزدیک واقع بستیوں میں ٹرین سروس روک دی ہے اور وہاں خطرے کے سائرن بھی بجائے گئے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں