مولانا مفتی محمدقاسم قاسمی:

اسلام پر پوری طرح عمل کریں

اسلام پر پوری طرح عمل کریں

دارالعلوم زاہدان کے سینئر استاذ حدیث نے تیرہ ستمبر دوہزار انیس کے خطبہ جمعہ میں ہر کام میں اللہ کی رضامندی کو مدنظر رکھنے پر زور دیتے ہوئے کامل اسلام کی خصوصیات کا تذکرہ کیا۔
مولانا مفتی محمدقاسم قاسمی نے اپنے خطاب کا آغاز قرآنی آیت: «یَا ایُّهَا الَّذِینَ امَنُوا اتَّقُوا اللهَ حَقَّ تُقَاتِهِ وَ لَاتَمُوتُنَّ الَّا وَ انتُم مُسْلِمُونَ» [آل‌عمران: 102[ کی تلاوت سے کرتے ہوئے کہا: جب آپ کسی انسان کو خود سے بڑھا سمجھتے ہیں، اس کی اطاعت کیاکرتے ہیں اور اس کے سامنے اپنی حرکات و سکنات کا خیال رکھتے ہیں۔ اللہ تعالی ہمارا خالق، مالک اور رازق ہے اور سب کچھ دیکھتا اور سنتاہے۔ ہمیشہ اس سے ڈریں اور اس کی رضامندی حاصل کرنے کی کوشش کریں۔
انہوں نے مزید کہا: دین کی پیروی پوری طرح ہونی چاہیے اور یہی اللہ تعالی کی توقع ہم سے ہے۔ فرمانِ الہی ہے کہ اسلام میں پوری طرح اور ہمہ تن داخل ہوجائیں۔
مولانا قاسمی نے کہا: اللہ کی اطاعت میں ایک بڑی رکاوٹ شیطان ہے۔ شیطان ہمارا خطرناک دشمن ہے جسے دشمن ہی سمجھنا چاہیے۔ دشمن کی باتوں پر کسی کو بھروسہ نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا: کسی بھی چیز کی خوبصورتی اس کے کمال میں ہے۔ جب تک وہ کامل نہ ہو، خوبصورت بھی نہیں ہوسکتی۔ حیرت کی بات ہے کہ ہم لباس، گھر اور گاڑی خوبصورت چاہتے ہیں، لیکن ناقص دین پر رضامند ہوتے ہیں۔ ناقص دین پر رضامند ہونا ایک مصیبت ہے۔
صدر دارالافتا دارالعلوم زاہدان نے کامل اسلام کو عزت کا باعث یاد کرتے ہوئے کہا: آج ہمارا اسلام بہت سارے لوگوں کی نگاہوں میں جمال سے خالی ہے۔ اسلام خوبصورت ہے لیکن ہماری مسلمانی ناقص ہے۔ ہمارے سماج کو حقیقی مسلمانوں اور علما کی ضرورت ہے۔ تمام برکتیں کامل اسلام میں ہیں۔
انہوں نے کامل اسلام کی خصوصیات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: درست عقائد، عبادات، معاملات، معاشرت اور اسلامی اخلاق کامل اسلام کی سب سے اہم خصوصیات ہیں۔ ان کے بغیر کوئی کامل مسلمان نہیں بن سکتا۔
مفتی قاسمی نے کہا: والدکی ذمہ داری اولاد اور خاندان کے نفقہ اور اخراجات تک محدود نہیں ہے۔ اولاد کی اعتقادی، اخلاقی اور علمی تربیت کی ذمہ داری بھی اس پر عائد ہوتی ہے۔ اسلام نے سب کے حقوق کی خیال داری پر تاکید کی ہے۔
مولانا محمدقاسم قاسمی نے کامل اسلام تک پہنچنے کے ذرائع و اسباب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: دینی و اصلاحی مجالس میں باقاعدہ شرکت، علما اور اہل فن کی نگرانی میں دینی کتب کا مطالعہ، محاسبہ اور کمزوریوں کے ازالے کی کوشش اور دعا و تضرع پانچ اہم ذرائع ہیں جن کی بدولت بندہ کامل مسلمان بن سکتاہے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں