افغانستان میں امریکی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر نہ ڈالا جائے، عمران خان

افغانستان میں امریکی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر نہ ڈالا جائے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکا کے کامیاب نہ ہونے کا الزام پاکستان پر لگانا غیرمنصفانہ ہے، اس کا ملبہ ہم پر نہ ڈالا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روسی ٹی وی آرٹی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکا کی جنگ میں پاکستان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، ہم نے 70 ہزار جانیں گنوائیں اور 100 ارب ڈالر کا نقصان بھی ہوا، پاکستان کو امریکا کی اس جنگ میں غیر جانبدار رہنا چاہیے تھا، میں شروع سے اس جنگ کے خلاف تھا، ہم نائن الیون کے بعد امریکا کی جنگ نہ لڑتے تو ہم دنیا کا خطرناک ملک نہ ہوتے، عمران خان نے کہا کہ اتنے نقصانات کے باوجود آخر میں امریکا کی ناکامی پر ہمیں ہی قصور وار ٹھہرایا گیا اور امریکا اپنی ناکامیوں کا الزام پاکستان پر عائد کرتا ہے، یہ پاکستان کے ساتھ ناانصافی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سوویت یونین کیخلاف جنگ کا فنڈ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے دیا تھا اور پاکستان نے مجاہدین کو تربیت دی، ایک عشرے بعد جب امریکا افغانستان گیا تو کہا گیا کہ یہ جہاد نہیں یہ دہشتگردی ہے، یہ بہت بڑا تضاد تھا جسے میں نے محسوس کیا، جبکہ امریکا کا اتحادی بننے سے یہ گروپس بھی ہمارے خلاف ہوگئے۔
دریں اثناء اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر 58 ملکوں کا انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کا ساتھ دینا قابل ستائش ہے۔ انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کا ساتھ دینے والے 58 ملکوں کو سراہتا ہوں۔ کشمیریوں کے حقوق کا احترام اور حفاظت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین نے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی قانون اور دو طرفہ معاہدوں کی مطابق حل کرنے پر زور دیا۔ بین الاقوامی برادری کا مطالبہ ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں عوام کے حقوق کا تحفظ کرے۔
دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں مصروفیات کو حتمی شکل دی گئی جبکہ ملاقاتوں کا حتمی شیڈول بھی طے کرلیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا، پارٹی رہنما اور ارکان پارلیمان شریک ہوئے، اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ امریکا سے متعلق حتمی مشاورت کی گئچس کے بعد دورے کا شیڈول طے ہوگیا۔ وزیراعظم 21 ستمبر کو نیویارک پہنچیں گے اور 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم اہم ممالک کے سربراہوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی امریکا میں قیام کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ سے دو ملاقاتیں ہوں گی، امریکی صدر سے ایک ملاقات ظہرانے پر جبکہ دوسری ملاقات پائی ٹی پر ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم اور بربریت سے عالمی برادری کو آگاہ کریں گے۔ امریکی صدر ٹرمپ اور دیگر سربراہان مملکت سے ملاقاتوں میں بھی وزیراعظم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا اصولی موقف پیش کریں گے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں