قازان (سنی آن لائن) اہل سنت ایران کے ممتاز بلوچ رہ نما ایک اعلی سطحی وفد کی سربراہی کرتے ہوئے آج جمعرات بارہ ستمبر دوہزار نو کو جمہوریہ تاتارستان کے دارالحکومت قازان پہنچ گئے جہاں تاتارستان کے معروف عالم دین مفتی فرید سلمان نے ان کا استقبال کیا۔
شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کی آفیشل ویب سائٹ نے خبر شائع کرتے ہوئے لکھی ہے مولانا عبدالحمید ”مرکز تحقیقات قرآن و سنت“ کی دعوت پر تاتارستان کے دورے پر جاچکے ہیں جہاں آپ ”موجودہ سماج میں قرآن و سنت کی روشنی میں علما کی ذمہ داریاں“کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
مذکورہ بین الاقوامی کانفرنس سوموار سولہ ستمبر کو شروع ہوگی جو بدھ اٹھارہ ستمبر کو اختتام پذیر ہوجائے گی۔شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید اس کانفرنس کے مہمانانِ خصوصی اور بیان کرنے والوں میں شامل ہیں۔
مولانا عبدالحمید قازان پہنچنے کے بعد بلغار شہر چلے گئے ہیں جہاں آپ بلغار اسلامی اکیڈمی میں لیکچر دیں گے۔ لیکچرز کا سلسلہ قازان کانفرنس کے آغاز تک جاری رہے گا۔
دارالعلوم زاہدان کے ناظم تعلیمات و استاذ حدیث مولانا عبدالغنی بدری اور جامعہ ہذا کے ادارتی امور کے ناظم حافظ اسماعیل ملازئی بھی اس سفر میں مولانا عبدالحمید کے وفد میں شامل ہیں۔
شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید ایرانی بلوچستان میں واقع دارالعلوم زاہدان کے صدر، زاہدان میں سنی برادری کے خطیب اور شورائے مدارس اہل سنت کے چیئرمین اور رابطہ عالم اسلامی کی سپریم کونسل کے رکن ہیں۔
آپ کی رائے