غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فضائیہ کے 15 حملے

غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فضائیہ کے 15 حملے

العربیہ کے نمائندے نے آج بدھ کے روز بتایا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی کے شمالی اور وسطی علاقے پر 15 فضائی حملے کیے ہیں۔
اس سے قبل یہودی بستی اسدود پر دو راکٹ داغے گئے تھے۔ اس دوران اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو لیکوڈ پارٹی کی ایک تقریب میں شرکت کے سلسلے میں اسدود میں موجود تھے۔
بدھ کو علی الصبح ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ پٹی کے شمال میں بیت لاہیا اور وسط میں دیر البلح کے علاوہ جنوب میں خان یونس میں زرعی اراضی کو نشانہ بنایا گیا۔
حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یہ جارحیت اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جانب سے وادیِ اردن (غربِ اردن) کے متعلق بیان کے چند گھنٹے بعد سامنے آئی۔ نیتن یاہو کے مطابق 17 ستمبر کو دوبارہ منتخب ہونے کی صورت میں وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں غور اردن کے حصے کو اسرائیل میں شامل کر لیں گے۔
نیتن یاہو نے اپنے ٹیلی وژن خطاب میں کہا کہ “ایک ایسی جگہ ہے جہاں انتخابات کے فوری بعد ہم اسرائیلی سیادت کا اطلاق کر سکتے ہیں”۔
اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی باور کرایا کہ دوبارہ منتخب ہونے پر وہ مغربی کنارے میں واقع تمام اسرائیلی بستیوں کو ضم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی انتخابات کے بعد توقع ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیلی فلسطینی تنازع کے حل کے لیے اپنے آئندہ منصوبے کا اعلان کر دیں گے۔
یاد رہے کہ وادی اردن (غرب اردن) میں مغربی کنارے کا تقریبا ایک تہائی حصہ شامل ہے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں