مولانا عبدالحمید:

حکومت ادھورے پراجکٹس جلدازجلد مکمل کرے

حکومت ادھورے پراجکٹس جلدازجلد مکمل کرے

ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں جاری ترقیاتی کاموں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ممتاز دینی و سماجی رہ نما نے سیستان بلوچستان کے ادھورے میگاپراجکٹس کی جلد از جلد تکمیل پر زور دیا۔
سنی آن لائن نے مولانا عبدالحمید کی آفیشل ویب سائٹ کے حوالے سے رپورٹ دی، خطیب اہل سنت زاہدان تیس اگست دوہزار انیس کے خطبہ جمعہ میں ’ہفتہ حکومت‘ کے حوالے سے اہل حکومت کو مبارکباد کہنے کے بعد گویا ہوئے: الحمدللہ حکومت کی خدمات صوبہ اور ملک میں اچھی ہیں، لیکن صوبہ سیستان بلوچستان میں کچھ بنیادی ترقیاتی کام ہیں جو حکومت کے لیے توجہ طلب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: چابہار کی شہید بہشتی بندرگاہ ایک اہم پراجیکٹ ہے جس پر خاص توجہ دینی چاہیے اور اس کی ترقی و توسیع کا کام مکمل کرنا چاہیے۔ یہ ایک اہم اور سٹریٹجک بندرگاہ ہے جو ایران کو وسطی ایشیا سمیت بعض دیگر ممالک سے ملاتی ہے۔
صدر دارالعلوم زاہدان نے کہا: چابہار زاہدان ریل وے اور صوبے میں گیس سپلائی کا کام ایسے پراجکٹس ہیں جن کی جلد از جلد تکمیل ضروری ہے تاکہ صوبے کی ترقی کا سفر مزید تیز ہوجائے اور بے روزگاری کا دباؤ کم کرکے لوگوں کو روزگار فراہم ہوجائے۔

میرٹ کو بنیاد بنانے سے اتحاد و بھائی چارہ کو تقویت ملے گی
انہوں نے سیاسی و سماجی امور میں نائب گورنر کی موجودی میں بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا: جس طرح ڈاکٹر زینی وند نے کہا صوبہ اور ملک میں لوگوں کو تقسیم کرانا عوام کے لیے نقصان کا باعث ہوگا۔ ہم سب ایک ہی امت اور قوم کے افراد ہیں اور ایرانی چاہے شیعہ ہوں یا سنی، ایک دوسرے کے بھائی ہیں۔
مولانا عبدالحمید نے کہا: یہ بات بہت اہم ہے کہ ملک میں میرٹوکریسی کے اصول پر عمل کرکے اس کا احترام کیا جائے۔ ہم صوبائی و وفاقی حکام کو یقین دلاتے ہیں کہ لسانی و مذہبی برادریوں کے قابل و لائق افراد کو بروئے کار لانا اور ان کی صلاحیتوں سے کام لینا اتحاد و بھائی چارہ کی تقویت کے لیے مفید ہے اور اس سے اعلی حکام بشمول سپریم لیڈر کی تمنائیں اتحاد امت کے حوالے سے پوری ہوجائیں گی۔

اپنے خطاب کے آخر میں ممتاز سنی عالم دین نے کہا: ماہ محرم اور خاص کر اس کے پہلے دس دن ہمارے ملک میں انتہائی خاص ایام ہیں۔ ان ایام میں منعقدہ مجالس و تقریبات کے دوران بزرگان دین کی تعریف و تمجید میں شیعہ و سنی کی مقدسات کا خیال رکھا جائے۔ بلکہ تمام مسلمان دنیا کے کسی بھی علاقے میں ہوں، ایک دوسرے کی مقدسات کا احترام کریں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں