مولانا عبدالغنی بدری:

گناہ زندگی میں تباہ کن آثار چھوڑتے ہیں

گناہ زندگی میں تباہ کن آثار چھوڑتے ہیں

نائب خطیب زاہدان نے اپنے اٹھائیس دسمبر دوہزار اٹھارہ کے خطبہ جمعہ میں گناہوں کے مہلک نتائج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ہرقسم کے معاصی و گناہوں سے پرہیز پر زور دیا۔

سنی آن لائن کی رپورٹ کے مطابق، مولانا عبدالغنی بدری نے اپنے بیان کا آغاز قرآنی آیت: «يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا عَلَيْكُمْ أَنفُسَكُمْ ۖ لَا يَضُرُّكُم مَّن ضَلَّ إِذَا اهْتَدَيْتُمْ ۚ إِلَى اللَّهِ مَرْجِعُكُمْ جَمِيعًا فَيُنَبِّئُكُم بِمَا كُنتُمْ تَعْمَلُون» کی تلاوت سے کرتے ہوئے کہا: جب ہم لوگ اپنی زندگی، حالات اور اطوار کا جائزہ لیتے ہیں اور انہیں قرآن و سنت کے پیمانے میں تولتے ہیں، معلوم ہوتاہے ہم کس قدر صحیح راستے سے دور ہوچکے ہیں۔ لوگ مختلف قسم کے گناہوں اور فتنوں میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: قرآن پاک میں فتنہ کئی معنوں میں استعمال ہوچکاہے جن میں منازعہ و خونریزی اور گناہ ومعصیت شامل ہیں۔ حرام خوری، سودخوری، رشوت ستانی، جھوٹ، فحاشی و عریانی اور شراب نوشی جیسے گناہ اور فتنے عام ہوچکے ہیں۔ جس کسی معاشرے میں گناہ عام ہوجائے، لوگ کسی خوف و ہراس کے بغیر کھلم کھلا گناہوں کا ارتکاب کرنا شروع کریں گے۔

دارالعلوم زاہدان کے سینئر استاذالحدیث نے کہا: آج کے مسلمان عصر جاہلیت کے گناہوں کی طرف واپس جاچکے ہیں۔ بہت سارے نوجوان شراب کی بوتلوں کے ساتھ تصویریں اتارتے ہیں اور پھر انہیں انسٹاگرام جیسے ایپس میں شیئر کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: اللہ تعالی نے قرآن پاک میں واضح طورپر شراب نوشی اور جوا کھیلنے سے منع کیا ہے اور ایسے اعمال کو شیطان کا عمل قرار دیاہے۔ مسلمانوں کی کامیابی ایسے گناہوں سے پرہیز میں ہے ۔

ناظم تعلیمات دارالعلوم زاہدان نے کہا: گناہ اور معاصی زندگی میں انتہائی تباہ کن اثرات چھوڑتے ہیں۔ سارے قحط، زلزلے اور سونامی جیسے عذاب اللہ تعالی کے غیظ و غضب کی نشانیاں ہیں۔ یہ سب الرٹس ہیں تاکہ ہم اللہ کی طرف رجوع کریںاور گناہوں سے باز رہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ آج کے مسلمان اللہ تعالی کی دھمکیوں کو دیکھنے کے باوجود پھر بھی گناہ کرنے کی جرات کرتے ہیں۔

مولانا عبدالغنی بدری نے کہا: آج کل گناہوں کا نام تبدیل کرکے ان کے لیے جواز تلاش کیاجارہاہے؛ رشوت کو مٹھائی، سود کو کمیشن اور جھوٹ کو مصلحت کا نام دیاگیاہے۔ واٹس ایپ اور انسٹاگرام جیسے ذرائع میں لڑکے اور لڑکیاں کھلم کھلا گناہ کا ارتکاب کررہے ہیں اور نوجوان ایک دوسرے کو گناہ کی ترغیب دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: آپ اسپتالوں کا رخ کریں، وہاں ایسے بیمار نظر آئیں گے جن کی بیماریوں کا نام تک ڈاکٹروں کو معلوم نہیں اور مختلف قسم کی لاعلاج بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ یہ سب گناہوں کے نتائج ہیں۔ جب معاشرے میں کاہل نمازی، خیانت، سودخوری اور خونریزی و طلاق جیسے گناہ عام ہوجائیں وہاں روزی میں تنگی آتی ہے اور مصیبتوںکے علاوہ مارکیٹس بھی ماند پڑجائیں گی ۔

نائب خطیب اہل سنت زاہدان نے گناہوں خاص کر سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلے ہوئے گناہوں سے پرہیز پر زور دیتے ہوئے سب کو اپنی اصلاح و تزکیہ کے لیے محنت کرنے کی ترغیب دی۔

یاد رہے شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کے دورہ عمان کی وجہ سے اس جمعے کا خطبہ مولانا عبدالغنی بدری کے سپرد تھا جنہوں نے نماز بھی پڑھائی۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں