زاہدان: سنی برادری نے نماز عید قائم کی

زاہدان: سنی برادری نے نماز عید قائم کی

اہل سنت ایران کی سب سے بڑی عیدگاہ زاہدان میں واقع ہے جہاں سنی برادری نے بدھ بائیس اگست کو نماز عید قائم کی۔
سنی آن لائن اردو کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کے صدرمقام زاہدان میں ہزاروں فرزندانِ توحید نے مولانا عبدالغنی بدری کی امامت میں نماز عید قائم کرکے مذہبی جوش و خروش سے عید منائی۔
خطیب اہل سنت زاہدان شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید حج کے لیے حرمین شریفین میں ہیں، اس لیے ان کے نائب مولانا بدری نے نماز پڑھائی۔ مولانا عبدالغنی بدری جامعہ دارالعلوم زاہدان کے سینئر استاذ اور ناظم تعلیمات ہیں۔
نائب خطیب اہل سنت زاہدان نے نماز سے پہلے خطاب کرتے ہوئے کہا: ہم خاص ایام میں ہیں؛ اس سے پہلے خاص ایام تھے اور آئندہ بھی ہوں گے۔ اللہ تعالی نے ہمیں دو عیدیں عطا فرمائی ہے جو عبادات کے آخر میں آتی ہیں۔ رمضان کے بعد عیدالفطر آتی ہے اور ایام حج اور عشرہ ذوالحجہ کے اختتام پر بقرعید واقع ہے۔
انہوں نے کہا: عید اور مناسک حج سے ہمیں ”پوری طرح سر تسلیم خم کرنے“ کا سبق ملتاہے۔ وقوف عرفہ، رمی جمرات اور سعی بین الصفا والمروہ کا اس وقت اعتبار ہوگا جب مخصوص مکان اور زمان میں ہوں گے۔ قربانی کا ثواب بھی صرف ان مخصوص ایام میں ملے گا۔ بعد میں ہزاروں قربانی سے بھی عید کی ایک قربانی کا ثواب بھی حاصل نہیں ہوسکتا۔
مولانا بدری نے کہا: حضرت ابراہیم علیہ السلام کی پوری زندگی کا خلاصہ ہے توحید کے لیے جان کی قربانی دینا، مہمان کے لیے پورا مال فدا کرنا اور اللہ کے حکم کی تعمیل میں لخت جگر کو ذبح کرنے کے لیے تیار ہوجانا۔ انہوں نے ہرگز ناقص انسانی عقل کو اللہ کے حکم کی تعمیل میں آڑے نہیں آنے دیا۔ بیٹے کی قربانی میں باپ بیٹے دونوں تسلیم ہوئے جیسا کہ قرآن پاک میں آیاہے۔
انہوں نے قرآن وسنت کی روشنی میں عقائد، عبادات، اخلاق، آداب، معاملات ، معاشرت اور سیاست کو اللہ تعالی کے احکام کے مطابق رکھنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا: درست عقیدہ وہی ہے جو قرآن وسنت کی روشنی میں صحیح ہو۔ دین محض عبادات کا نام نہیں ہے اور اس کے دیگر اجزا کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے۔ لہذا لوگوں کے حقوق کا خیال رکھیں اور کم سے کم انہیں تکلیف نہ پہنچائیں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں