ایران: سیستان بلوچستان کے دینی مدارس کے مہتممین کا اجلاس منعقد ہوا

ایران: سیستان بلوچستان کے دینی مدارس کے مہتممین کا اجلاس منعقد ہوا

سراوان (سنی آن لائن) ایران کے جنوب مشرقی صوبہ سیستان بلوچستان کے دینی مدارس کے مہتممین کا صوبائی اجلاس جمعرات پندرہ فروری کو جامعہ عین العلوم گشت (ضلع سراوان) میں منعقد ہوگیا۔
عین العلوم گشت کے ذرائع کے مطابق مذکورہ اجلاس میں ’شورائے ہم آہنگی مدارس اہل سنت سیستان بلوچستان‘ سے وابستہ تمام مدارس کے مہتمم حضرات نے شرکت کی جہاں شورا کے صدر شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید اور سیکریٹری جنرل مولانا عبدالکریم حسین پور سمیت بعض علمائے کرام نے مختصر خطاب بھی کیا اور متعدد مسائل کے بارے میں فیصلے بھی ہوئے۔
مہتممین کے اجلاس میں شورا کی تاسیس میں کلیدی کردار ادا کرنے والے شیخ الحدیث مولانا محمدیوسف حسین پور اور جامعہ عین العلوم گشت کے سابق مہتمم، نیز جامعہ کے بانی خلیفہ مجاز مولانا حسین علی الوانی حضرت مولانا سیدعبدالواحد گشتی رحمہم اللہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حاضرین نے ان کے مشن آگے بڑھانے کا عہد کیا۔
صدر دارالعلوم زاہدان مولانا عبدالحمید نے علمائے کرام کی مجلس میں فرمایا: عوام کے حوالے سے علمائے کرام کی ذمہ داریاں انتہائی اہم ہیں۔ آج کل قومیں زلزلوں، تنازعات اور قحط جیسے عذابوں کے شکنجے میں ہیں؛ یہ سب گناہوں کے نتائج ہیں۔ اگر یہ قومیں ہلاک ہوئیں، علمائے کرام کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا: علمائے کرام کو ’ذاکر‘ اور ’شریعت کے پابند‘ ہونا چاہیے؛ عوام علما کی نماز، تقویٰ اور عمل ہی کو دیکھتے ہیں۔
خطیب اہل سنت زاہدان نے دینی مدارس میں طلبہ کی تعلیم اور تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا: طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت پر توجہ دی جائے، معاشرے کے قائد مستقبل میں یہی لوگ ہوں گے۔
مولانا مفتی قاسمی نے اپنے بیان میں نماز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس حوالے سے طلبہ کی نماز کو انتہائی اہم اور توجہ طلب مسئلہ قرار دیا۔
آخر میں شورائے مدارس کے مختلف کمیشنز نے اپنی رپورٹس پیش کی ۔ جبکہ سالانہ امتحانات کے حوالے سے فیصلہ ہوا کہ 13 رجب بروز ہفتہ 31 مارچ سے 9 اپریل تک امتحانات منعقد ہوں گے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں