ایران: سالانہ سیرت النبیﷺ کانفرنس منعقد ہوگئی

ایران: سالانہ سیرت النبیﷺ کانفرنس منعقد ہوگئی

زاہدان (سنی آن لائن) چھٹی سیرت النبی ﷺ کانفرنس زاہدان کی جامع مسجد عثمانی میں ’اتباع سنت، نجات اور سعادت کی واحد راہ‘ کے عنوان سے تیئیس دسمبر کو منعقد ہوگئی۔
ہمارے نامہ نگاروں کے مطابق، مدرسہ علوم دینیہ فاروقیہ اور انجمن سیرت النبیﷺ کے اہتمام سے منعقد ہونے والی سالانہ کانفرنس میں شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید، مولانا مفتی محمدقاسم قاسمی سمیت متعدد علمائے کرام، دینی مدارس اور عصری جامعات کے طلبہ اور دیگر حضرات و خواتین شریک ہوئے۔
اس کانفرنس کے آغاز میں مولوی حبیب اللہ مرجانی، استاذ جامعہ دارالعلوم زاہدان نے گفتگو کرتے ہوئے ’اتباع سنت‘ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا: سنت سے اتحاد پیدا ہوتاہے، جبکہ بدعت سے امت مسلمہ میں انتشار و افتراق پیدا ہوتاہے۔
کانفرنس کی دوسری نشست میں صدر دارالافتا دارالعلوم زاہدان مولانا مفتی محمدقاسم قاسمی نے نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ کو معاشرے کے تمام طبقوں اور گروہوں کے لیے اور پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ یاد کیا۔
انہوں نے کہا: نبی کریم ﷺ کی اتباع ہی سے ولایت، حیات طیبہ، مقبولیت، آرام، عزت، کامیابی اور سعادت حاصل ہوسکتی ہے۔ سیرت میں نفس، خلق اور خالق کے حقوق ہیں۔ آپ ﷺ لوگوں اور حتی کہ چھوٹے بچوں کے حقوق پر خاص اہتمام فرماتے تھے۔ آپﷺ کی سیرت ’اعتدال‘ ہی کی راہ ہے۔
سہ ماہی ’ندائے اسلام‘ کے مدیراعلی نے اپنے خطاب کے آخر میں تمام حاضرین کو نصیحت کی حضرت ڈاکٹر عبدالحی عارفی نوراللہ مرقدہ کی کتاب ’اسوہ رسول‘ کا مطالعہ کریں جسے مولانا محمدعمر سربازی رحمہ اللہ نے فارسی میں ترجمہ کیا ہے۔
شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اتباع سیرت النبی ﷺ کو اللہ تعالی تک پہنچنے کا سب سے مختصر راستہ قرار دیا۔
خطیب اہل سنت و صدر جامعہ دارالعلوم زاہدان نے کہا: آپﷺ کی سیرت فطرت کی راہ پر ہے۔ قرآن و سنت میں ایسا کوئی حکم نہیں جو انسانی بس سے باہر ہو، تمام احکام کی بجاآوری ممکن ہے۔
انہوں نے کہا: قرآن و سنت عمل کے لیے ہیں۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ مسلمانوں میں ان کے آثار کم ہیں۔ آپﷺ اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے لیے گناہ ناقابل برداشت تھا۔ خدا اور اس کے بندوں کے حقوق کے لیے وہ سختی کرتے تھے اور غصے کا اظہار فرماتے۔ دعوت سیرت کا لازمی حصہ ہے۔
ممتاز سنی عالم دین نے مزید کہا: نبی کریم ﷺ اپنے قول و فعل سے قرآن پاک کی تفسیر فرماتے تھے۔ قرآن و سنت دونوں منابع شریعت ہیں؛ جو لوگ حدیث کو نہیں مانتے، وہ ’اطیعوا الرسول‘ کے حکم کا کیا جواب دیں گے؟ ہر کام کی ایک خصوصیت ہے؛ سنت کی خصوصیت یہ ہے کہ بندے کو اللہ تعالی کا محبوب بناتی ہے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں