مسلمان شریعت میں مداخلت کو کبھی برداشت نہیں کرسکتا: مولانا عمرین محفوظ رحمانی

مسلمان شریعت محمدیﷺ پر پورا پورا عمل کریں: مولانا سجاد نعمانی

مسلمان شریعت محمدیﷺ پر پورا پورا عمل کریں: مولانا سجاد نعمانی

مسلمان شریعت محمدیہ ﷺ پر پورا پورا عمل کریں نیز علمائے کرام عوام سے اپنا رابطہ بڑھائیں، عوام کی باتوں کو غور سے سنیں، ان کے سامنے اپنے اخلاق کو کھل کر پیش کریں۔
اسی طرح تین طلاق کے مسئلہ کو آسانی سے حل کریں، نوجوانوں کے مسائل کو سمجھیں۔ علماء عام فہم انداز میں نوجوانوں کو دینی مسائل سمجھائیں۔ اس طرح کا ایمان افروز بیان مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی ترجمان مسلم پرسنل لاء بورڈ نے پربھنی میں منعقدہ اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے عظیم الشان جلسہ عام ’طلاق بہانہ شریعت نشانہ‘ سے پربھنی کے عید گاہ میدان میں دیا۔ اس عظیم الشان تاریخی جلسہ عام کی صدارت عبدالرشید انجینئر رکن تاسیسی آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ نے کی۔ جبکہ مقرر خصوصی کی حیثیت سے مولانا عمرین محفوظ رحمانی سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ، مولانا ڈاکٹر یاسین عثمانی بدایونی رکن مجلس عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مدعو تھے۔ جبکہ دیگر مقررین میں مولانا محفوظ الرحمن فاروقی رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ، مولانا جنید الرحمن قاسمی، ڈاکٹر جاوید مکرم ، مفتی حسنین مالیگائوں، محمد ضیاء الدین صدیقی شامل تھے۔
مولانا سجاد نعمانی نے اپنے خطاب میں علمائے کرام سے مودبانہ گزارش کی ہے کہ وہ عوام کے قریب جائیں۔ اور کہا کہ علمائے کرام بہت جلد غصہ میں آجاتے ہیں وہ غصہ سے اجتناب کریں، انہوں نے خواتین اور نوجوانوں سے کہاکہ آپ حضرات شریعت کا علم حاصل کریں، مسلمان اکثر شریعت پر عمل نہیں کرتے۔ ماں باپ اپنی اولاد کی صحیح تربیت کریں، مسلم پرسنل لاء بورڈ کی بالغ نظری کا بیڑہ اُٹھایا ہے۔ انہوں نے وکلاء سے کہاکہ وہ گھریلو جھگڑوں کو پولس تھانہ میں نہ لیجاتے ہوئے دارالقضاء لے جائیں۔ میڈیا کے متعلق کہاکہ ہمارے محکمہ کا میڈیا نچلی سطح تک پہنچاگیا ہے۔
بیرون ملک میں ہمارے ملک کے میڈیا سے پورا بھروسہ اُٹھ گیا ہے۔ انہوں نے پولس سے بھی گزارش کی کہ وہ مسلمانوں کے طلاق کے مسائل کو علمائے کرام کو مدعو کرکے ان کے حوالہ کریں۔ انہوں نے مزید کہاکہ مسلمانوں کو متحد ہوجانے کے لیے اللہ تعالیٰ نے ہم پر بیوقوف حکمراں کو مسلط کیا ہے۔ اس موقع پر حکومت کے شرعی معاملوں میں مداخلت کرنے پر حکومت کے خلاف قرار داد بھی منظور کی گئیں۔ اس جلسہ سے مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے اپنے خطاب میں کہاکہ مسلم پرسنل لاء بورڈ پر ملک میں یلغار چلائی جارہی ہے، مسلمان اللہ اور اس کے رسولﷺ پر کامل ایمان رکھتے ہیں، او رکہاکہ ملک کا منظر نامہ تیزی سے بدل رہا ہے۔ ملک میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہورہا ہے او رکہاکہ مسلمان شریعت میں مداخلت کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ جھک جانے والا اور دب جانے والا بورڈ نہیں ہے۔
مولانا ڈاکٹر یاسین بدایونی نے کہا کہ ملک میں درپیش مسائل کا حل اتحاد میں مضمر ہے۔ اور اس کام مسلم پرسنل لاء بورڈ ہمیشہ فکر مند رہتا ہے۔ ہمیں قانونی اور سیاسی طور پر متحد ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے شریعت پر عمل کرنے کی تلقین کی ۔ آخر میں صدارتی خطاب میں الحاج عبدالرشید انجینئر نے کہا کہ ملک میں تعدد ازدواج، مساوات مردو زن کے تحت غلط پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے انہوں نے مسلم پرسنل لاء بورڈ سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں مذہب بیزار خواتین کو اسلام سے خارج کریں۔ اسی طرح طلاق ثلاثہ معاملہ میں ملوث ایسے لوگوں کا جو طلاق ثلاثہ میں معاملہ میں ملوث ہوں ان کا سماجی بائیکاٹ کیا جائے۔ اس موقع پر غلا م محمد مٹھو نے خطبہ استقبالیہ پڑھا، اس جلسہ عام کو کامیاب بنانے میں مسلم انصاف کونسل کے ذمہ داران وعہدیداران نے اہم رول ادا کیا، جلسہ عام کی نظامت ڈاکٹر طیب بخاری نے بخوبی ا نجام دی، جبکہ اظہار تشکر شیخ بشیر احمد نے ادا کیا، جلسہ عام کا اختتام مولانا سجاد نعمانی کی دعا پر عمل میں آیا۔ جلسہ میں ہزاروں کی تعداد میں بندگان خدا شریک تھے ۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں