طالبان کے حملے میں 20 افغان پولیس اہلکار ہلاک

طالبان کے حملے میں 20 افغان پولیس اہلکار ہلاک

افغانستان کے جنوبی صوبے زابل میں طالبان کے جنگجوؤں نے مختلف سیکیورٹی چیک پوسٹس پر بیک وقت حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 20 پولیس اہلکار ہلاک ہلاک ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق صوبائی گورنر بسم اللہ افغانمل نے بتایا کہ ’اتوار کی صبح طالبان کے جنگجوؤں نے زابل کے ضلع شاہ جوئے میں متعدد چیک پوسٹس پر ہلکے و بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا‘۔

انہوں نے تصدیق کی کہ حملے کے نتیجے میں 20 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ ایک ضلعی عہدے دار نے بتایا کہ حملے میں 15 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

افغان طالبان نے اپنی ویب سائٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

خیال رہے کہ افغان طالبان نے گزشتہ ماہ اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ موسم بہار کے حملوں کا آغاز کرنے والے ہیں جس کے دوران حملوں کا سلسلہ تیز کردیا جائے گا۔

رواں ماہ 9 مئی کو افغانستان کے شمالی صوبے پروان میں ایک مدرسے میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں پروان علماء کونسل کے سرابرہ مولوی عبدالرحیم حنفی جاں بحق اور 4 طلبہ زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ شمالی صوبے بلخ میں طالبان کے حملے میں 135 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جوکہ کسی افغان فوجی اڈے پر طالبان کا بدترین حملہ تھا۔

اس وقت افغانستان میں 8400 امریکی فوجی جبکہ 5000 نیٹو اہلکار موجود ہیں جبکہ چھ برس قبل تک افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد تھی۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں