خطیب اہل سنت زاہدان:

اللہ تعالی سے ملاقات کا دن مت بھولیں

اللہ تعالی سے ملاقات کا دن مت بھولیں

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے اپنے اٹھائیس اپریل دوہزار سترہ کے خطبہ جمعہ میں تقویٰ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی سے ملاقات والے دن کو مت بھولیں۔

زاہدان میں ہزاروں فرزندانِ توحید سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قرآنی آیت: «وَاتَّقُواْ يَوْمًا تُرْجَعُونَ فِيهِ إِلَى اللّهِ ثُمَّ تُوَفَّى كُلُّ نَفْسٍ مَّا كَسَبَتْ وَهُمْ لاَ يُظْلَمُونَ» کی تلاوت سے خطبے کا آغاز کیا۔ خطیب اہل سنت زاہدان نے کہا: اللہ تعالی نے اس آیت مبارکہ میں انسانوں کو خبردار کیا ہے کہ اس دن سے ڈریں جب تم اللہ تعالی کے پاس واپس آتے ہیں۔ ہمیشہ اللہ تعالی سے ملاقات کے دن کو یاد رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا: اللہ تعالی نے اس سے پہلے صدقات اور ربا کا تذکرہ کیا ہے جو ایک دوسرے کے متضاد ہیں۔ صدقہ مال میں بڑھوتری کا باعث ہے جبکہ سودخوری سے مال تباہ ہوتاہے۔ اسی لیے اللہ تعالی نے آخر میں خبردار کیا ہے کہ تقوی کا خیال رکھیں اور حرام سے بچ جائیں۔
صدر دارالعلوم زاہدان نے کہا: ہمیں اپنی شرعی ذمہ داریاں نہیں بھولنا چاہیے۔ محاسبہ اور پوچھ گچھ کا دن سخت ہوتاہے۔ قیامت کو انسان سے اس کے اعمال کے بارے میں پوچھا جاتاہے۔ اللہ تعالی نے ہمیں آزاد نہیں چھوڑا ہے کہ جو مرضی ہے وہی ہم کریں۔ بہت سارے مسائل ہمارے سمجھ میں نہیں آتے، ہر حال میں اللہ تعالی کی اطاعت کریں۔
زکات اور انفاق فی سبیل اللہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا: اللہ کی راہ میں خرچ کرنا بہت اہم ہے۔ یتیموں، مساکین اور قیدیوں کے اہل خانہ سے تعاون کریں۔ جب شہر میں کچھ لوگوںکے پاس ایک روٹی کا پیسہ بھی نہیں ہے اور ہم روٹی کچرادان میں ڈالتے ہیں، کیا ہم سے نہیں پوچھا جائے گا؟ اللہ تعالی کا جواب ہم کیا دیں گے؟
مولانا عبدالحمید نے مزید کہا: ہمیں چاہیے خود غریبوں کے گھر جاکر ان کی مدد کریں۔ ہمارے اسلاف کی اچھی عادت یہ تھی کہ خود غریبوں کے پاس جایا کرتے تھے۔ صدقہ جاریہ کی ایک بہترین شکل ’وقف‘ ہے۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اپنے باغات اور بہترین جائیداد کو اللہ کی راہ میں وقف کیا کرتے تھے۔
انہوں نے کہا: بہت سارے مفسرین کا خیال ہے آغاز میں تلاوت کی گئی آیت، نبی کریم ﷺ پر نازل شدہ آخری آیت ہے۔ اس سے معلوم ہوتاہے تقویٰ سب سے اہم مسئلہ ہمارے لیے ہونا چاہیے۔ روز قیامت سب بے کس ہوکر خالی ہاتھ آئیں گے۔ اس دن صرف ایمان اور نیک اعمال کام آئیں گے۔
گناہوں سے دوری پر زور دیتے ہوئے حضرت شیخ الاسلام نے کہا: فانی لذات کے دھوکے میں مت آئیں۔ گناہ بہت برا ہے لیکن وہ شخص جو دوسروں کی خاطر گناہ کرتاہے، بہت بڑا کودن اور جاہل ہے۔ خوش نصیب ہے وہ جو ایسے حال میں اللہ تعالی کے پاس جاتاہے کہ اللہ اس کے انتظار میں ہے۔

اپنے خطاب کے ایک حصے میں مولانا عبدالحمید نے میرجاہ میں پیش آنے والے حادثے پر افسوس اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے نو9 بارڈرگارڈ کی شہادت کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا ایسے واقعات صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے زاہدان عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دارالعلوم زاہدان کی تقریب دستاربندی اور اہل سنت کے عظیم اجتماع کے انعقاد میں بڑا کردار ادا کیا۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں