درست عقیدہ اور اللہ تعالی پر توکل سب سے بڑا سرمایہ ہے

درست عقیدہ اور اللہ تعالی پر توکل سب سے بڑا سرمایہ ہے

 

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے اپنے اکتیس مارچ دوہزار سترہ کے بیان میں ’ایمان اور درست عقیدہ‘ اور ’اللہ تعالی پر توکل‘ کو سب سے بڑا سرمایہ یاد کرتے ہوئے انہیں کامیابی کا راز قرار دیا۔

خطیب اہل سنت زاہدان نے اپنے خطبہ جمعے کا آغاز قرآنی آیات: «وَإِذْ يَرْفَعُ إِبْرَاهِيمُ الْقَوَاعِدَ مِنَ الْبَيْتِ وَإِسْمَاعِيلُ رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا إِنَّكَ أَنْتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ*رَبَّنَا وَاجْعَلْنَا مُسْلِمَيْنِ لَكَ وَمِنْ ذُرِّيَّتِنَا أُمَّةً مُسْلِمَةً لَكَ وَأَرِنَا مَنَاسِكَنَا وَتُبْ عَلَيْنَا إِنَّكَ أَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ» [بقره: 127-128] کی تلاوت سے کرتے ہوئے کہا: حرمین شریفین ارض ایمان اور توکل ہے۔ کعبہ کی تعمیر حضرت ابراہیم اور اسماعیل علیہماالسلام کے مبارک ہاتھوں ہوئی اور مناسک حج کی ادائیگی جس کی دعا اللہ تعالی نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو سکھایا، سب ایمان اور توکل علی اللہ کی مثالیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: مدینہ منورہ بھی اعتقاد اور اللہ پر بھروسے کی سرزمین ہے۔ یہ شہر ’مدینة الرسول‘ بنا جب نبی کریم ﷺ کو مکہ مکرمہ سے نکلنے پر مجبور کیا گیا تو آپﷺ نے اسی شہر کا رخ فرمایا۔

مولانا عبدالحمید نے کہا: اللہ رب العزت نے حرمین شریفین کو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعاوں کی برکت سے آباد و خوشحال فرمایا۔ آپؑ نے حجاز کی ظاہری اور روحانی ترقی و آبادی کے لیے دعا کی اور اللہ تعالی نے ان کی تمام دعائیں قبول فرمائی، بلکہ تمام دنیاوالوں تک پہنچائی۔

صدر و شیخ الحدیث دارالعلوم زاہدان نے ’ایمان‘ اور ’توکل‘ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: حضرات ابراہیم، اسماعیل، ہاجرہ، رسول اللہ ﷺ اور صحابہ کرامؓ نے ایمان اور توکل ہی کی بدولت فضائل اور اونچے درجات حاصل کیے۔ انسانی تاریخ میں بہت سارے لوگ دنیا اور مادیت ہی پر بھروسہ کیا کرتے تھے، حالاں کہ مادیت ایک ناپائیدار، فضول اور بے کار چیز ہے۔

انہوں نے مزید کہا: جو قومیں اللہ تعالی کی جگہ دنیا اور مادیت پر بھروسہ کرتی ہیں، وہ تباہ ہوکر رہ جائیں گی۔ دنیا پر بھروسہ کرنے والے شائد دنیا کی مختصر زندگی میں کچھ عیش کریں، لیکن آنکھیں بند کرتے ہی انہیں پتہ چلے گا کہ انہوںنے دنیا دوسروں کے لیے اکٹھی کیا ہے اور اس کے بدلے اپنے لیے جہنم لازمی بنادی ہے۔

ممتاز عالم دین نے ایمان اور توکل کو سب سے بڑا سرمایہ یاد کرتے ہوئے کہا: جس کے پاس ایمان اور درست عقائد ہوں اور وہ اللہ ہی پر بھروسہ کیا کرے، سب سے بڑا سرمایہ اسی کے پاس ہے۔ معرفت الہی حاصل کرنے والے بخوبی جانتے ہیں دنیا اور آخرت کی ملکیت صرف اور صرف اللہ تعالی کے اختیار میں ہے۔

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید ایمان اور توکل کی قوت کے لیے بعض مثالیں پیش کرنے کے بعد مزید گویا ہوئے: نبی کریم ﷺ جو حضرت ابراہیم ؑ کی دعاوں کے نتیجے ہیں، ایمان، اخلاص اور توکل کی نشانی ہیں۔ آپ ﷺ نے کعبہ اور آس پاس کو بتوں کی عبادت سے پاک فرمایا اور یہ مقام ہمیشہ کے لیے اللہ تعالی ہی کی عبادت کے لیے خاص ہوا۔

انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں کہا: نبی کریم ﷺ نے صحابہ کرامؓ کا ایمان بنالیا۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا ایمان اتنا طاقت ور تھا کہ اس امت کے کسی بھی فرد کا ایمان ان تک نہیں پہنچ سکتا؛ یہ اس لیے کہ ان کی تربیت براہ راست خاتم النبیین ﷺ کے مبارک ہاتھوں ہوئی۔

ایرانی کلینڈر میں یکم اپریل کو ’یوم اسلامی جمہوریت‘ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اہل سنت ایران کے ممتاز دینی رہ نما نے کہا: بارہ فروردین (یکم اپریل ) ایرانیوں کے لیے بہت اہم اور تاریخی دن ہے۔ 1 اپریل 1979ءکو ایرانی قوم نے اسلامی جمہوریہ کے حق میں ووٹ ڈال کر ایک دینی حکومت کو اپنے لیے چن لیا۔

انہوں نے مزید کہا: یہ دن ایران اور دنیا کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا کہ ایرانی قوم نے ایک دینی نظام حکومت کو دیگر حکومتی سسٹمز پر ترجیح دی۔

اپنے خطبہ جمعے کے آخری حصے میں مولانا عبدالحمید نے حج کے موضوع پر ایران سعودی مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: جس طرح میڈیا میں آیاہے وزارت خارجہ اور حج آرگنائزیشن کے حکام نے سعودی حکام سے حج اور عمرہ کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔ امید کی جاتی ہے جلد از جلد حج اور عمرہ کا مبارک سلسلہ دوبارہ شروع ہوجائے اور ایرانی زائرین حرمین شریفین کی برکتوں سے فیض یاب ہوں گے، ان شاءاللہ۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں