شام کے شہر حلب میں جنگ بندی کے خاتمے پر شدید جھڑپیں

شام کے شہر حلب میں جنگ بندی کے خاتمے پر شدید جھڑپیں

شام کے شہر حلب میں تین دن کی جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سنیچر کو رات گئے ایک بار پھر شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں۔
شام میں باغیوں کے خلاف شامی حکومت کی کارروائی میں مدد کرتے ہوئے روس باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں فضائی حملے کر رہا ہے اور اس نے ‘انسانی ہمدردی کی بنیاد پر’ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جس میں جمعے کو مزید 24 گھنٹے کی توسیع بھی کی گئی تھی۔
شام کے ایک نگراں ادارے کے مطابق سنیچر کی رات ہونے والی اس لڑائی کے دوران فضائی حملے بھی کیے گئے۔
خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ جنگ کے دوران بھی حلب کے محصور علاقوں تک انسانی امداد نہیں پہنچائی جا سکی۔
نگراں ادارے کا کہنا ہے کہ سنیچر کو کیے جانے حملے میں شہر کے جنوب مغربی حصوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں باغیوں اور حکومتی فورسز میں لڑائی جاری ہے۔
حلب کے مقامی اسماعیل عبداللہ نے بی بی سی کو بتایا کہ جنگ بندی کے ختم ہوتے ہی انہوں نے دیکھا کہ حلب میں بمباری ہوئی اور سنائپرز نے بھی لوگوں کو نشانہ بنایا۔
جمعے کو اقوامِ متحدہ نے کہا تھا کہ سلامتی کی یقین دہانی نہ ہونے کے سبب شہر میں موجود بیمار یا زخمی افراد کو نکالے جانے کے منصوبے پر عمل درآمد نہیں کیا جا سکا۔
یاد رہے کہ شام اور روس کی حکومتوں نے گذشتہ ہفتے حلب میں ‘انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی میں عارضی وقفے’ پر اتفاق کیا تھا۔ جس کا مقصد وہاں سے عام شہریوں اور زخمی افراد کا انخلا تھا۔ جنگ بندی میں اس عارضی وقفے کے دوران شہریوں کے انخلا کے لیے آٹھ راستے بنائے گئے تھے۔
تاہم بتایا گیا ہے کہ لوگ شہر سے باہر نہیں نکل سکے۔ ایک باغی گروہ کے اہلکار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’بہت کم لوگوں نے شہر چھوڑنے کی کوشش کی تو انہیں ارد گرد کے علاقوں میں شیلنگ کا سامنا کرنا پڑا اور وہ باہر نہیں نکل سکے۔‘
انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ حلب میں بمباری کے آغاز سے اب تک تقریباً 2700 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ڈھائی لاکھ شہری لڑائی کی وجہ سے شہر میں محصور ہو گئے ہیں۔

بی بی سی اردو


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں