روسی اور شامی فورسز نے حلب پر بمباری روک دی

روسی اور شامی فورسز نے حلب پر بمباری روک دی

روس اور شام نے شمالی شہر حلب پرمنگل سے عارضی طور پر فضائی حملے روک دیے ہیں جبکہ شامی کارکنان کا کہنا ہے کہ لڑاکا طیاروں نے باغیوں کے زیر قبضہ دو دیہات پر بمباری کی ہے۔
برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق اور شامی رضاکاروں پر مشتمل سول ڈیفنس کے ترجمان ابراہیم الحاج نے بتایا ہے کہ صوبہ حلب میں واقع دو دیہات اندان اور دارۃ العزہ پرمنگل کے روز فضائی بمباری کی گئی ہے۔انھوں نے ان حملوں میں ہلاکتوں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔
روس کا کہنا ہے کہ حلب میں آٹھ گھنٹے کے لیے انسانی بنیاد پر جنگ میں وقفہ کیا جائے گا۔اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے اس جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے۔تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس جنگ بندی کا دورانیہ بڑھایا جانا چاہیے تاکہ متاثرین تک انسانی امداد بہم پہنچائی جاسکے۔
روسی وزیردفاع سرگئی شوئیگو نے قبل ازیں ٹیلی ویژن سے ایک نشری بیان میں کہا تھا کہ روسی اور شامی فضائی افواج آج منگل مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے سے حلب کے علاقے میں حملے روک رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے کے لیے یہ اقدام ضروری تھا۔
انھوں نے کہا کہ ”اس سے شہریوں کی چھے راستوں کے ذریعے حلب سے سلامتی سے باہر نکلنے کی ضمانت ملے گی اور مشرقی حلب سے بیماروں اور زخمیوں کے انخلاء کی تیاری کی جا سکے گی”۔انھوں نے مزید کہا کہ مسلح باغیوں کے مشرقی حلب سے محفوظ انخلاء کی بھی ضمانت دی جائے گی۔

ترکی ،قطر اور سعودی عرب کے مذاکرات
ترکی ،قطر اور سعودی عرب نے حلب میں جنگ بندی کے لیے امریکا اور روس سے بات چیت سے اتفاق کیا ہے اور کہا ہے کہ اس کا مقصد شامی حزب اختلاف کے جنگجوؤں کو انتہا پسند گروپوں سے الگ تھلگ کرنا ہے تاکہ جنگ بندی کے نفاذ میں مدد مل سکے۔
واضح رہے کہ روس حلب میں جنگ بندی کی بحالی کے لیے شامی باغیوں پر انتہا پسندوں سے ناتا توڑنے کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔اقوام متحدہ میں متعیّن روسی سفیر ویٹالے چرکین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ان ممالک نے اعتدال پسند باغی گروپوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے ارادے کا اظہار کیا ہے اور اس کا مقصد ان گروپوں کو النصرۃ محاذ سے الگ تھلگ کرنا ہے”۔
شامی رصدگاہ کے مطابق حلب میں 22 ستمبر کے بعد روسی اور شامی فوج کے فضائی حملوں میں 430 سے زیادہ افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔اس دوران روسی اور شامی لڑاکا طیاروں نے حلب کے مشرقی حصے پر تباہ کن بمباری کی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں