کعبۃ اللہ پر سوموار کو مکمل غلاف چڑھایا جائے گا

کعبۃ اللہ پر سوموار کو مکمل غلاف چڑھایا جائے گا

مسجد الحرام میں کعبۃ اللہ پر سوموار کے روز مکمل کسوہ (غلاف) چڑھایا جارہا ہے۔
مکہ مکرمہ میں واقع کسوہ فیکٹری نے ستمبر میں نیا غلاف کعبہ تیار کرکے بھیج دیا تھا۔ہر سال یوم عرفہ پر کعبۃ اللہ پر نیا غلاف چڑھایا جاتا ہے کیونکہ اس روز مسجد الحرام عام طور پر خالی ہوتی ہے اور تمام حجاج کرام حج کے رکن اعظم کے لیے میدان عرفات میں جمع ہوتے ہیں۔
غلاف کعبہ خالص ریشم سے تیار کیا جاتا ہے اور اس پر سنہری دھاگے سے کشیدہ کاری کی جاتی ہے۔اس مرتبہ کسوہ کی تیاری پر دو کروڑ بیس لاکھ سعودی ریال لاگت آئی ہے۔
کسوہ 95 سینٹی میٹر چوڑا اور 9 میٹر اونچا ہوتا ہے۔ یہ 47 ٹکڑوں میں تیار کیا جاتا ہے اور انھیں پھر آپس میں اس انداز میں جوڑا جاتا ہے کہ اس سے کعبہ کے تمام کونے ڈھک جاتے ہیں۔
کسوہ فیکٹری نے مسجد الحرام میں چوبیس گھنٹے غلاف کعبہ کی صفائی اور نگرانی کے لیے دو ،دو ارکان پر مشتمیں چار ٹیمیں مقرر کررکھی ہیں۔ان ٹیموں کے ارکان مطاف کے ارد گرد ہمہ وقت موجود رہتے ہیں اور وہ اس بات کو یقنینی بناتے ہیں کہ غلافِ کعبہ کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہ پہنچے اور وہ ہمیشہ صاف ستھرا رہے۔
کسوہ فیکٹری کے ڈائریکٹر جنرل کے بہ قول اگر بعض زائرین کے غلاف کعبہ کو پکڑنے یا کھینچنے کے نتیجے میں ریشم کے کپڑے میں کوئی کٹ لگ جاتا ہے یا کوئی اور نقصان پہنچتا ہے تو اس گروپ کے ارکان اس کی فوری اطلاع دیتے ہیں اور نزدیک موجود درزی اور صفائی پر مامور افراد وہاں پہنچ کراس کو ٹھیک کردیتے ہیں۔
اس گروپ کے ارکان غلاف کعبہ کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کو پندرہ سے بیس منٹ میں ٹھیک کرنے کے پابند ہیں۔اس گروپ کے ارکان ہی حجر اسود اور رکن یمانی پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں تاکہ وہ بھی ہمیشہ صاف ستھرے رہیں اور ان کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہ پہنچے۔مطاف میں موجود درزی بیس سال سے زیادہ تجربے کے حامل ہیں۔
کسوہ فیکٹری ہفتے میں ایک دن غلاف کعبہ کی مکمل صفائی کا کام کرتی ہے اور یہ عمل ہر ہفتے کے روز کیا جاتا ہے۔صفائی پر مامور عملے کے پاس خصوصی آلات ہیں اور ان کی بدولت وہ مختصر وقت میں اور مؤثر انداز میں کسوہ کی صفائی کا کام کرلیتے ہیں۔صفائی پر مامور عملہ بالعموم غلاف سے گرد اور کعبۃ اللہ کی چھت سے کبوتروں کی غلاظت کو صاف کرتا ہے۔
کسوہ فیکٹری میں غلاف کعبہ کی تیاری کا کام دو سو چالیس افراد پر مشتمل عملہ کرتا ہے اور یہ تمام ملازمین سعودی ہیں۔فیکٹری میں کام کرنے والے یہ لوگ کسوہ کی تیاری کے علاوہ اس کی دیکھ بھال کے بھی ذمے دار ہوتے ہیں۔وہ طویل عرصے سے یہ ذمے داریاں انجام دے رہے ہیں۔اس فیکٹری کے سربراہ کے بہ قول یہ ایک خصوصی شعبہ ہے اور ہر کوئی یہاں ملازمت نہیں کرسکتا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں