حلب: انقلابیوں کے زیر قبضہ حصے میں دو بڑے اسپتالوں پر بمباری

حلب: انقلابیوں کے زیر قبضہ حصے میں دو بڑے اسپتالوں پر بمباری

شام کے سب سے بڑے شہر حلب میں بدھ کو علی الصباح انقلابیوں کے زیر قبضہ حصے میں دو بڑے اسپتالوں پر فضائی حملے کیے گئے ہیں جس کے بعد ان دونوں اسپتالوں میں طبی خدمات کی فراہمی عارضی طور پر بند کردی گئی ہے۔
یہ دونوں اسپتال شامی امریکی میڈیکل سوسائٹی کے زیر انتظام چل رہے ہیں۔ اس تنظیم کے ایک عہدے دار اعظم سلہول نے بتایا ہے کہ ”فضائی حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح چار بجے کیا گیا تھا اور ایک طیارے نے دونوں جگہوں پر براہ راست بمباری کی تھی”۔
انھوں نے بتایا ہے کہ اس وقت مشرقی حلب میں چھے اسپتال کام کررہے ہیں اور ایم 2 اور ایم 10 عارضی طور پر زخمیوں اور مریضوں کو خدمات مہیا کرنے کے قابل نہیں رہے ہیں۔
شامی اور روسی طیاروں نے گذشتہ چھے روز سے انقلابیوں کے زیر قبضے علاقوں پر بلا تعطل بمباری جاری رکھی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں مہلوکین اور زخمیوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے اور اسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں جبکہ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں ادویہ اور دوسرا سامان کم پڑتا جارہا ہے۔
ایک اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں کام کرنے والے ایک رکن عارف العارف نے منگل کے روز بتایا تھا کہ ”شہر کے اسپتال زخمیوں سے بھرے پڑے ہیں اور اب معاملات ہاتھ سے نکلنا شروع ہوگئے ہیں۔ ہم اسپتالوں میں کسی بھی چیز کو لانے کے قابل نہیں رہے ہیں۔ حتیٰ کہ آلات اور طبی عملہ بھی نہیں آسکتا۔ باہر کے علاقوں سے تعلق رکھنے والا طبی عملہ محاصرے کی وجہ سے شہر میں داخل نہیں ہوسکتا ہے”۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ ،ایجنسیاں


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں