ہنگامی مطاف کو ہٹانے کا آپریشن مکمل!

ہنگامی مطاف کو ہٹانے کا آپریشن مکمل!

مسجد حرام کی توسیع کے جاری منصوبے کے ضمن میں حجاج و معتمرین کرام کی سہولت کے لیے بنائے گئے عارضی مطاف کو ہٹانے کا آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جس کے بعد زائرین براہ راست خانہ کعبہ کے طواف اور دیدار کا شرف حاصل کر سکیں گے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق حرمین شریفین کے نگراں ادارے کے چیئرمین اور امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے بتایا کہ 25 جمادی الآخر کو عارضی مطاف کی مسماری کا آپریشن شروع کیا گیا تھا جسے آٹھ مراحل میں مکمل کرد یا گیا ہے اور طواف کعبہ کے لیے استعمال ہونے والے چاروں پل گرا دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خانہ کعبہ کے عارضی مطاف کے ہٹائے جانے کا فیصلہ براہ راست خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز اور نایب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر کیا گیا جب کہ عارضی مطاف کی مسماری کے آپریشن کی براہ راست نگرانی مکہ مکرمہ کے گورنر اور خادم الحرمین الشریفین کے مشیر شہزادہ خالد الفیصل نے کی۔
الشیخ السدیس نے بتایا کہ عارضی مطاف کی مسماری آپریشن کے دوران 84 عارضی ستون، 416 کمرے اور مطاف پل مسمار کیے گئے۔ مسماری کی کارروائی اللہ کے فضل وکرم سے بہ خیریت انجام پائی اور اس دوران کسی قسم کا کوئی نقصان ہوا اور نہ ہی زائرین کے طواف میں کسی قسم کا خلل پیدا ہوا ہے۔ عارضی مطاف کی مسماری کا کام وقت مقررہ سے 20 دن پہلے ہی مکمل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عارضی مطاف کی مسماری کے بعد صحن مطاف میں فی گھنٹہ 19 ہزار زائرین کے بجائے 30 ہزار عازمین طواف کی سعادت حاصل کر سکیں گے جب کہ مطاف کی تمام منازل میں ایک گھنٹے کے دوران ایک لاکھ 7 ہزار زائرین کے طواف کی گنجائش ہو گی۔ جدید طرز تعمیر پربنے صحن مطاف سے خانہ کعبہ کی زیادہ بہتر اور واضح انداز میں زیارت کی جا سکے گی اور حجاج ومعتمرین کو طواف کے دوران کسی قسم کی مشکل کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑے گا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں