اسرائیل کا غزہ پر بہ یک وقت فضائی اور زمینی حملہ

اسرائیل کا غزہ پر بہ یک وقت فضائی اور زمینی حملہ

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج نے مختلف مقامات پر زمینی اور فضائی حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد مکانات تباہ ہوئے ہیں تاہم آخری اطلاعات تک کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے مصر کی سرحد سے متصل علاقے رفح شہر اور مشرقی غزہ پر توپ خانے اور جنگی طیاروں کے ذریعے گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ اسرائیلی طیاروں کی جانب سے رفح کے علاقے صوفیہ اور پرانے ہوائی اڈے پر بمباری کی ہے، تاہم اس میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ اس کے ایک گھنٹہ بعد قابض فوج نے توپ خانے سے مشرقی غزہ میں رفح اور دیگر مقامات پرگولہ باری کی، جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا البتہ شہری سخت خوف وہراس میں مبتلا ہیں۔ گذشتہ روز اس علاقے میں اسرائیلی فوج کا یہ تیسرا بڑا حملہ ہے۔
قبل ازیں بدھ کو اسرائیلی فوج نے توپخانے کی مدد سے جنوبی غزہ میں متعدد مقامات پر گولہ باری کی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے مشرقی غزہ میں الشجاعیہ اور التفاح کالونیوں میں بھی میزائل حملے کیے گئے ہیں۔مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں سے التفاح کالونی کے قریب دیوار فاصل سے متصل علاقے میں دو گولے پھینکے گئے، جس کے نتیجے میں متعدد مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ تازہ حملے فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے داغے گئے ہاون راکٹوں کا جواب ہیں۔ ادھر غزہ میں وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی تازہ گولہ باری سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے تاہم وزارت صحت نے شہریوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ درایں اثناء فلسطینی تنظیموں اسلامی تحریک مزاحمت’حماس، القسام بریگیڈ اور اسلامی جہاد نے اسرائیلی فوج کی غزہ پر جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جارحیت کے سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی تازہ دہشت گردی قابل مذمت ہےاور اس کے نتائج کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں