المکلا میں القاعدہ مخالف لڑائی میں 27 یمنی فوجی ہلاک

المکلا میں القاعدہ مخالف لڑائی میں 27 یمنی فوجی ہلاک

یمن کے جنوبی ساحلی شہر المکلا میں القاعدہ کے جنگجوؤں کے خلاف لڑائی میں ستائیس یمنی فوجی ہلاک اور ساٹھ سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔
یمنی فورسز نے ہفتے کے روز صوبہ حضرموت کے دارالحکومت المکلا پر دوبارہ قبضے کے لیے بڑی کارروائی شروع کی تھی۔حکومتی فورسز نے خونریز لڑائی کے بعد اس شہر پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور القاعدہ کے جنگجوؤں کو وہاں سے پسپا کردیا ہے۔
اس شہر پر گذشتہ سال اپریل سے جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے جنگجوؤں نے قبضہ کررکھا تھا۔ان کے خلاف اس بڑی کارروائی میں یمنی فورسز کے ساتھ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے خصوصی دستوں نے بھی حصہ لیا ہے اور اتحادی طیاروں نے القاعدہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں آٹھ سو سے زیادہ جنگجو مارے گئے ہیں۔
سرکاری فوج کے المکلا پر کنٹرول کے بعد شہر میں معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں۔دکانیں اور سرکاری دفاتر کھل گئے ہیں اور گذشتہ سال اپریل کے بعد پہلی مرتبہ المکلا کے ہوائی اڈے اور بندرگاہ کا عملہ بھی کام پر واپس آگیا ہے۔
منگل کے روز حضرموت کے پڑوس میں واقع صوبے ابین کے شہر زنجبار میں امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے نے ایک کار پر راکٹ داغا تھا۔یہ کار القاعدہ کے مقامی راہ نما علی آل شنہ کی تھی لیکن وہ کار میں سوار نہیں تھے اور حملے میں ان کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نومبر 2002ء سے یمن میں جزیرہ نما عرب میں القاعدہ سے وابستہ جنگجوؤں پر ڈرون حملہ کررہا ہے لیکن اس نے کبھی کھلے عام ان حملوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔البتہ مقامی ذرائع کے حوالے سے ان حملوں میں مرنے والوں کی تفصیل منظرعام پر آتی رہتی ہے اور ان حملوں میں القاعدہ کے متعدد سرکردہ لیڈر مارے جاچکے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں