لندن: رابطہ عالم اسلامی کے دفترمیں 32 افراد مشرف بہ اسلام

لندن: رابطہ عالم اسلامی کے دفترمیں 32 افراد مشرف بہ اسلام

رابطہ عالم اسلامی کی مساعی جمیلہ کے نتیجے میں برطانیہ میں مزید 32 غیرمسلم شہری دائرہ اسلام میں داخل ہوئے ہیں۔ رابطہ عالم اسلامی کا کہنا ہے کہ عالم اسلام کا نمائندہ ادارہ مغرب اور اہل اسلام کے درمیان پل کا کردار ادا کررہا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق بتیس افراد کی قبولیت اسلام کی مساعی میں جہاں رابطہ عالم اسلامی کا کلیدی کردار ہے وہیں لندن میں قائم ایک فلاحی ادارے’’ٹرننگ پوائنٹ‘‘ کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں۔ دونوں اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ہفتے کے روز لندن میں 32 نو مسلم شہریوں نے کلمہ طیبہ پڑھ کرراہ ہدایت کا انتخاب کیا۔
لندن میں رابطہ عالم اسلامی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد مخدوم کا کہنا تھا کہ ادارے کی جانب سے پچھلے پانچ سال سے اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ رابطہ عالم اسلامی مغربی ممالک اورمسلمان معاشروں کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم غیرمسلم دنیا میں اسلام کی اعتدال پسندانہ تصورات اجاگر کرنے اور اسلام کے بارے میں مخالفین کی پھیلائی غلط فہمیاں دور کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پانچ سال میں لندن دفتر میں دسیوں افراد نے اسلام قبول کیا ہے۔
برطانیہ میں فروغ اسلام میں سرگرم تنظیم’ٹرننگ پوائنٹ‘ کے خاتون چیئرپرسن امینہ عثمان نے بتایا کہ وہ اسلام قبول کرنے والے نو مسلم شہریوں کو اسلام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لیے چھ ماہ کا ایک تربیتی کورس کراتے ہیں جس میں ان کے اسلام کے بارے میں تمام شکوک وشبہات کا ازالہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام میں غیرمسلم شہری بھی حصہ لے کراسلام کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گذشتہ کچھ عرصے کے دوران غیرمسلم کمیونٹی میں بھی ان کی مساعی کو غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
امینہ عثمان کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کو دائرہ اسلام میں داخل کرنے کے بعد بے یارود مدد گار نہیں چھوڑ دیتے بلکہ ان کی مسلسل رہنمائی کے ساتھ ان سے رابطے میں رہتے ہیں تاکہ وہ اپنے اپنے ملکوں اور علاقوں میں اسلام کے سفیر ثابت ہوں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں