بغداد میں چیک پوسٹ پر خود کش حملے میں فوجیوں سمیت 60 افراد ہلاک

بغداد میں چیک پوسٹ پر خود کش حملے میں فوجیوں سمیت 60 افراد ہلاک

عراقی دارالحکومت بغداد میں چیک پوسٹ پر خود کش حملے میں کم از کم 60 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی دارالحکومت بغداد کے جنوب میں ہائی وے پر واقع ایک سیکیورٹی چوکی پر خود کش حملہ آور نے بارود سے بھرے ٹرک کو چیک پوسٹ کے قریب لاکر دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 60 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق بغداد سے 90 کلو میٹر دور جنوب میں ایک اہم سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطار میں موجود ایک ٹرک کے ذریعے دھماکا کیا گیا جس کی زد میں آکر سڑک کنارے چوکی میں موجود عراقی فوجی اور پولیس اہلکاروں سمیت 60 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ ہلاک ہونے والوں میں 39 عام شہری جبکہ باقی پولیس اہلکار ہیں۔
دوسری جانب صوبائی سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ فلح الرادی کا کہنا ہے کہ صوبے میں ہونے والا یہ اب تک کا سب سے بڑا بم حملہ ہے جس میں چیک پوائنٹ، قریبی پولیس اسٹیشن، کچھ گھراور درجنوں گاڑیاں تباہ ہو گئیں جب کہ مقامی اسپتال نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کئی افراد ٹرک حملے میں جھلس گئے ہیں جنہیں طبی امداد دیتے ہوئے ان کی جانیں بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ بغداد میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یہ تیسرا بڑا دھماکا ہے اس سے پہلے بغداد کے مرکز میں ہونے والے یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکوں میں 70 افراد ہلاک ہوئے تھے اور اس کے اگلے ہی روز ایک جنازے پر خود کش حملے میں 90 افراد ہلاک ہوئے۔

ایکسپریس نیوز


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں