بہت سے لوگ جانتے ہوں گے کہ جدید ٹیکنالوجی آنے سے پہلے تمام اخبارات کاتب ہاتھ سے لکھتے تھے۔ اس کے بعد انہیں ایک سادہ سی پرنٹنگ مشین پر چھاپا جاتا تھا مگر کمپیوٹر نے جہاں دیگر امور زندگی میں انسان کو آسانی دی وہیں پرنٹ میڈیا کی صنعت میں بھی اس نے انقلاب برپا کر دیا۔
آج دنیا کا ہر اخبار کمپیوٹر کے ذریعے ٹائپ، ڈیزائن اور پھر پبلش (شائع) کیا جاتا ہے لیکن آج کے اس جدید دور میں بھی بھارت کا ایک اردو اخبار ایسا ہے جو اس پرانی روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ اس اخبار کا نام روزنامہ مسلمان ہے جو 1927 میں بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنائی سے شروع ہوا تھا۔ آج اس روزنامہ کی مسلسل اشاعت کو 88 سال گزر چکے ہیں مگر آج بھی اسے پہلے کاتب لکھتے ہیں اور پھر انہی پرانی مشینوں پر اس کی چھپائی کا کام ہوتا ہے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سید عظمت اللہ مرحوم روزنامہ مسلمان کے بانی تھے۔ اب ان کے پوتے سید عارف اللہ اس کے ایڈیٹر ہیں۔ آج کل اس کی 21 ہزار کاپیاں شائع ہوتی ہیں اور اس کی قیمت بھارتی کرنسی میں صرف 75 پیسے ہے جو پاکستانی روپوں میں تقریبا 1 روپیہ 20 پیسے بنتی ہے۔ اخبار چنائی کے علاوہ دہلی، ممبئی اور کلکتہ سمیت پورے بھارت میں روزانہ قارئین کو بذریعہ ڈاک بھیجا جاتا ہے۔ اس کے قارئین میں صرف مسلمان ہی نہیں ہندو و دیگر مذاہب کے لوگ بھی شامل ہیں۔ اس میں شائع ہونے والے زیادہ تر اشتہار اسے ایجنسیوں اور حکومت کی طرف سے ملتے ہیں لیکن پرائیویٹ سیکٹر سے بھی اسے اشتہارات دیئے جاتے ہیں۔ ان میں سے کچھ اشتہار ڈیجیٹل ہوتے ہیں مگر باقی اشتہار بھی ہاتھ سے لکھے اور ڈیزائن کیے جاتے ہیں۔
بنیادی طور پر روزنامہ مسلمان بلیک اینڈ وائٹ اخبار ہے لیکن اگر کوئی کمپنی رنگین اشتہار شائع کروانا چاہے تو اس روز اس کی رنگین اشاعت کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔
اخبار کے ورکرز کی تعداد 30 سے 35 ہے جن میں 3 رپورٹرز اور 3 کاتب ہیں۔ کاتبین میں 2 خواتین شامل ہیں۔ اخبار کے ایڈیٹر سید عارف اللہ نے خلیج ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اخبار کے تمام ورکرز ایک خاندان کی طرح رہتے ہیں۔ اگر کسی ایک ورکر سے کوئی غلطی ہو جائے تو ہر ایک اس کی مدد کے لیے آگے آ جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک کاتب کو قلم دوات سے اخبار کا ایک صفحہ لکھنے میں 2 گھنٹے لگتے ہیں۔ کبھی کبھار ایسا بھی ہوتا ہے کہ کاتب سے کوئی بڑی غلطی ہو جائے تو پورا صفحہ ہی دوبارہ لکھنا پڑ جاتا ہے۔ اس کے بعد اس صفحے کو نیگٹو میں تبدیل کیا جاتا ہے اور پھر اسے چھاپہ خانے بھیج دیا جاتا ہے۔
یہ اخبار 4 صفحات پر مشتمل ہے۔ پہلے صفحے پر پورے بھارت کی خبریں شائع کی جاتی ہیں۔ دوسرے صفحے پر بین الاقوامی خبریں اور تیسرے صفحے پر قرآن مجید کی آیات اور ان کے تراجم شائع کیے جاتے ہیں جبکہ چوتھے اور آخری صفحے پر ملی جلی خبریں اور اشتہارات ہوتے ہیں۔
روزنامہ مسلمان اس وقت شاید دنیا کا واحد اخبار ہے جو ہاتھ سے لکھا جاتا ہے۔
اردو ٹائمز
آپ کی رائے