مستونگ کے ریلوے ٹریک پر دھماکہ، تین ہلاک

مستونگ کے ریلوے ٹریک پر دھماکہ، تین ہلاک

پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ریلوے ٹریک پر ہونے والے ایک دھماکے میں کم سے کم تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
یہ دھماکہ سنیچر کی صبح نو بجے کوئٹہ سے 20 کلو میٹر دور مستونگ کے علاقے دشت میں ہوا۔
ڈی ایس ریلویز کوئٹہ فیض نے میڈیا کو بتایا کہ دشت کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک پر دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس ریلوے ٹریک سے گزر رہی تھی کہ دھماکہ ہو گیا۔
ڈی ایس ریلویز کے مطابق دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی ایک بوگی کو نقصان پہنچا اور اس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔
انھوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق پاکستان ریلویز سے ہے۔
خیال رہے کہ جعفر ایکسپریس کو سنہ 2013 میں دو مرتبہ پہلے بھی حملوں کا نشانہ بنایا جاچکا ہے۔
اگست میں اسے بولان کے علاقے میں راکٹ سے نشانہ بنایا گیا تھا جس سے ٹرین کا انجن تباہ ہوگیا تھا۔
انجن تباہ ہونے کے بعد رکی ہوئی ریل گاڑی پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی گئی تھی جس سے دو مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔
اس سے قبل جنوری سنہ 2013 میں ٹرین پر سبی اور مچھ کے درمیان پنیر کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی تھی جس سے ایک سکیورٹی اہلکار سمیت تین افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوئے تھے۔
بلوچستان میں ماضی میں علیحدگی پسند ریل گاڑیوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔

بی بی سی اردو


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں