زاہدان: جامع مسجد مکی میں ختم قرآن ہوگیا

زاہدان: جامع مسجد مکی میں ختم قرآن ہوگیا

زاہدان (سنی آن لائن) رمضان المبارک کی انتیسویں شب کے موقع پر تراویح میں ختم قرآن کی محفل زاہدان میں منعقد ہوگئی۔
’سنی آن لائن‘ کے نامہ نگاروں کے مطابق دو لاکھ کے قریب فرزندان توحید جامع مسجد مکی کے ختم قرآن کی نورانی و پرفیض محفل میں شرکت کے لیے دارالعلوم زاہدان کے قریب سابق عیدگاہ میں اکٹھے ہوئے جہاں نماز تراویح سے قبل اور بعد علمائے کرام نے خطاب کیا۔
تراویح سے پہلے مولانا عبداللہ ریگی اور مولانا محمدعثمان خاشی نے خطاب کرتے ہوئے حاضرین کو رمضان کے بعد اپنی عبادات جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ مولانا محمدعثمان نے توسل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا وسیلہ کا لفظ جو قرآن پاک میں آیاہے، اکثر مفسرین کے خیال میں اس کا مطلب اعمال صالحہ اور عبادات ہے۔

مولانا عبدالحمید: پورے مسلمان بن جاو
نمازعشا و تراویح کے بعد شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے اسلام و ایمان کی عظیم نعمت کو مسلمانوں کا سب سے بڑا سرمایہ اور عظیم ترین نعمت الہیہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا: کوئی بھی نعمت ایمان کی برابری نہیں کرسکتی ۔ اللہ اگر چاہتا ہم کسی یہودی، عیسائی یا کمیونسٹ کے گھر میں پیدا ہوتے اور اسلام کی عظیم نعمت سے محروم رہ سکتے۔
مولانا عبدالحمید نے مزیدکہا: قرآن کی تعلیمات ہر شعبے میں بے مثال اور قابل تقلید ہیں۔ قرآن نے ہمیں حکم دیاہے پورے پورے اسلام میں داخل ہوجاو۔ لہذا ہمیں اسلام کے تمام آفاقی احکام و ارشادات پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔ نفس و شیطان سے روگردانی اور اللہ تعالی کے تمام احکام بجالانے سے بندے پر اللہ کی خاص رحمتیں نازل ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا: افسوس کا مقام ہے کہ ہم مکمل مسلمان نہیں ہیں؛ بہت سارے حضرات اسلام کے احکام نظرانداز کرتے ہیں۔ خواتین بھی حجاب کے مسئلے پر سستی کا مظاہرہ کرتی ہیں اور نامناسب حالت میں بازاروں کی جانب نکل کر چلتی پھرتی ہیں۔ سب کو چوکس رہنا چاہیے؛ دنیائے کفر نے جدید ذرائع ابلاغ اور فلموں اور ڈراموں کے ذریعے ہمیں ہدف بنایاہے۔ نوجوان اور خواتین بطور خاص انٹرنیٹ اور سیٹلائیٹ ٹی وی چینلوں کے شکار ہوجاتے ہیں۔
اپنے خطاب کے ایک حصے میں مولانا عبدالحمید نے ایران کا عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری معاہدہ خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس معاہدے پر اعلی حکام خاص کر مذاکراتی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
صدر دارالعلوم زاہدان نے رویت ہلال کے مسئلے پر رائے دیتے ہوئے کہا: چونکہ جمعرات ملک میں انتیس رمضان ہے، شام کو چاند دیکھنے کا اہتمام کیاجائے ، اگر چاند نظر نہیں آیا تو جمعہ تیس رمضان ہوگا اور ہفتے کے دن شوال کا پہلا دن ہوگا۔
یاد رہے ایران کے سنی اکثریت صوبوں میں تراویح کی نماز زورشور سے ادا کی جاتی ہے اور اکثر مساجد میں ختم قرآن کا اہتمام ہوتاہے۔ اہل سنت ایران کا سب سے بڑا اجتماع تراویح میں ختم قرآن کے سلسلے میں جامع مسجد زاہدان کا ہے اور پھر مسجد عزیزی میں ستائیس رمضان کو اسی طرح کا ایک عظیم الشان محفل منعقد ہوتی ہے جس میں ہزاروں افراد شرکت کرکے علمائے کرام کے بیانات سے استفادہ کرتے ہیں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں